دوسرا ٹی 20: سری لنکا کی ناتجربہ کار ٹیم نے سیریز جیت لی


لاہور: سری لنکا نے پاکستان کو دوسرے ٹی ٹوئنٹی میں 35 رنز سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز 0-2 سے جیت لی۔

قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں سری لنکا نے مسلسل دوسرے میچ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹی ٹوئنٹی کی نمبر ون ٹیم کو آؤٹ کلاس کردیا، پہلے لنکن بلے بازوں نے خوب جم کر حریف بولرز کی پٹائی کی اور 183 رنز کا پہاڑ جیسا ہدف کھڑا کیا تو بعد میں بولرز نے بھی کمال دکھایا اور 147 رنز پر پاکستانی ٹیم کو چلتا کیا۔

ہدف کے تعاقب میں قومی بلے بازوں کے ہاتھ پاؤں پھول گئے، گزشتہ میچ میں مایوس کرنے والے احمد شہزاد اور عمر اکمل اس بار بھی ٹیم کو ڈبو گئے، عمر اکمل مسلسل دوسرے میچ میں صفر پر آؤٹ ہوئے جب کہ احمد شہزاد نے 16 گیندوں پر 13 رنز بنائے، کپتان سرفراز احمد 26 رنز کی مزاحمت کرسکے، اسپنر ڈی سلوا نے ایک ہی اوور میں تینوں کی وکٹیں حاصل کیں۔اوپنر بابراعظم 3 اور فخرزمان 6 رنز تک ہی محدود رہے۔
لاہور: دوسرے ٹی 20 میچ میں سری لنکا نے پاکستان کوجیت کے لیے 183 رنز کا ہدف دے دیا، راجا پکسے نے شاندار نصف سنچری اسکور کی۔

تفصیلات کے مطابق قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے جانے والے دوسرے ٹی ٹوینٹی میچ میں سری لنکا نے مقررہ اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 182 رنز بنائے اور گرین شرٹس کو جیت کے لیے 183 رنز کا ہدف دے دیا۔

سری لنکا کی دو وکٹیں 41 رنز پر گرنے کے بعد راجا پکسے اور شیہان جے سوریا کے درمیان شاندار شراکت داری قائم ہوئی، اوپنر گناتھلاکا 15 رنز بنا کر عماد وسیم کا شکار بنے۔

فرنینڈو کو 8 رنز پر شاداب خان نے رن آؤٹ کیا، شہیان جے سوریا کو بھی 34 رنز پر آصف علی نے رن آؤٹ کیا، راجا پکسے 77 رنز کی جارحانہ اننگز کھیل کر شاداب خان کی گیند پر آؤٹ ہوئے، ان کی اننگز میں 6 چھکے اور 4 چوکے شامل تھے۔

مڈل آرڈر بلے باز بھنوکا بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے، ادانا کو وہاب ریاض نے 8 رنز پر کلین بولڈ کیا۔

عماد وسیم، وہاب ریاض اور شاداب خان نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

اس سے قبل سری لنکا کپتان داسن شناکا نے پاکستان کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا، سری لنکن کپتان کا کہنا تھا کہ پہلا میچ جیت کر حوصلے بلند ہیں، آج بھی اچھا کھیلیں گے، وکٹ بیٹنگ کے لیے اچھی لگ رہی ہے، ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی ہے۔

کپتان قومی کرکٹ ٹیم سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ ٹاس ہمارے ہاتھ میں نہیں ہوتا، ٹیم میں دو تبدیلیاں کی گئی ہیں، میچ جیت کر سیریز برابر کرنے کی کوشش کریں گے۔
سری لنکا کے خلاف قومی ٹیم میں دو تبدیلیاں کی گئی ہیں، فہیم اشرف کی جگہ وہاب ریاض اور افتخار احمد کی جگہ فخر زمان ٹیم میں شامل ہیں۔

واضح رہے کہ سری لنکا کو ٹی ٹی ٹوینٹی میچوں کی سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل ہے، سیریز کا آخری میچ 9 اکتوبر کو کھیلا جائے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں