برسبین ٹیسٹ: پاکستانی ٹیم آسٹریلیا کیخلاف پہلی اننگز میں 240 رنز پر آؤٹ 38

برسبین ٹیسٹ: پاکستانی ٹیم آسٹریلیا کیخلاف پہلی اننگز میں 240 رنز پر آؤٹ

برسبین: (اعتدال آن لائن) آسٹریلیا کے خلاف برسبین میں ٹیسٹ سیریز شروع ہو گئی، گرین شرٹس نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تاہم آسٹریلین باولرز کے سامنے پاکستان کا ٹاپ اور مڈل آرڈر لڑکھڑا گیا۔ اسد شفیق ٹاپ سکورر رہے، گرین شرٹس کی پہلی اننگز 240 کے مجموعے پر اختتام پذیر ہو گئی.

کپتان اظہر علی نے ٹاس جیت کر آسٹریلین پچ پہلے آزمانے کا فیصلہ کیا، اوپنر شان مسعود اور اظہر علی میدان میں اترے تو آسٹریلین بلے بازوں کے سامنے دفاعی انداز اپنایا، شان نے 97 گیندوں پر صرف 27 رنز بنائے اور کمنز کی بال پر سمتھ کے ہاتھوں کیچ آوٹ ہو گئے۔

کپتان اظہر علی بھی کوئی خاص کارکردگی نہ دکھا سکے اور صرف 39 رنز بنا کر شان مسعود کی پیروی میں پویلین لوٹ گئے، انہوں نے104 گیندوں کا سامنا کیا تاہم ہیزل وڈ کی بال ان کیلئے خطرناک ثابت ہوئی، وہ برنز کے ہاتھوں کیچ آوٹ ہوئے۔ ان کے بعد حارث سہیل میدان میں اترے تاہم وہ آتے ہی لڑکھڑا گئے اور محض ایک رن بنا کر کیچ آوٹ ہو کر چلتے بنے، ان کا کیچ وکٹ کیپر پین نے پکڑا۔

بابر اعظم کیلئے ان کی چوتھی بال ہی فیصلہ کن ثابت ہوئی اور انہوں نے سلپ میں کھڑے برنز کو آسان کیچ دے دیا، بابر نے مجموعی سکور میں صرف ایک رن کا اضافہ کیا۔ ان کے بعد آنے والے افتخار احمد نے قدم جمانے کی کوشش کی جس میں وہ ناکام نظر آئے لیون کی بال پر کیچ آوٹ ہو گئے۔ یوں محض 94 کے مجموعی سکور پر پاکستان کے 5 کھلاڑی پویلین لوٹ گئے۔

143 کے مجموے پر چھٹی وکٹ گر گئی، محمد رضوان 37 رنز بنا کر آوٹ ہوئے، اسد شفیق 76 رنز کے ساتھ ٹاپ سکورر رہے۔عمران خان 5 رنز بنا کر ناٹ آوٹ رہے۔ یوں پاکستانی ٹیم کی اننگز 240 رنز کے مجموعے پر اختتام پذیر ہو گئی۔

میچ سے قبل کپتان اظہر علی کا کہنا تھا کہ نسیم شاہ کو ٹیم میں دیکھ کر اچھا محسوس ہو رہا ہے، واضح رہے کہ پاکستان کے 16 سالہ فاسٹ بالر نسیم شاہ آج ٹیسٹ ڈیبیو کر رہے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں