نا اہل حکومت کا مذاق ،شوگر ملز چالو کر دی گئیں ،گنے کا ریٹ مقرر نہ کیا جا سکا 83

نا اہل حکومت کا مذاق ،شوگر ملز چالو کر دی گئیں ،گنے کا ریٹ مقرر نہ کیا جا سکا

ڈیرہ اسماعیل خان (چیف رپورٹر) ایوان زراعت کے صدر حاجی عبد الرشید دھپ نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت کا دور انتہائی عجیب قسم کا ہے

جس میں شوگر ملوں نے کرشنگ سیزن کا آغاز تو کر دیا گیا ہے لیکن ابھی تک گنے کی خریداری کا ریٹ مقرر نہیں ہو سکا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اعتدال سے گفتگو کرتے ہوئے کہا۔ حاجی عبد الرشید دھپ نے کہا کہ ماضی میں پہلے گنے کی خرید کا ریٹ مقرر ہوتا ہے جس کے بعد شوگر ملیں کرشنگ کا آغاز کرتی ہیں لیکن اب کی بار عجیب صورتحال ہے

کہ شوگر ملیں گنے کی کرشنگ کا آغاز تو کرنے جا رہی ہیں لیکن ابھی تک حکومت کو گنے کے نرخ مقرر کرنے کی فرصت تک نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت دیگر ایسے ضروری اور سیاسی معاملات میں الجھی ہوئی ہے کہ اسے کسانوں اور زرعی شعبہ کی مشکلات اور ان کے حل کا کوئی خیال تک نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ صوبے میں کین کمشنر ابھی تک تمام ترمعاملات سے بے خبر ہیں اور گنے کے نرخوں کے تعین کے لئے وفاق اور پنجاب کی جانب دیکھ رہے ہیں۔

جب وفاق اور پنجاب نے ابھی تک اس ضمن میں کوئی بھی عملی اقدام نہیں اٹھایا ہے جس سے حکومتی غیر سنجیدگی کااندازہ لگایا جا سکتا ہے حاجی عبد الرشید دھپ نے کہا کہ لگتا ہے کہ پی ٹی آئی کی حکومت کسی اہم ”ترین” شخصیت کے آبرو کے اشارے کی منتظر ہے

کہ وہ گنے کا کیا نرخ مقرر کرتے ہیں انہوں نے انتہائی تاسف کا اظہار کیا کہ حکومت ملک کے زرعی شعبہ کو انتہائی غیر ذمہ داری اور عدم دلچسپی سے چلا رہی ہے

جو کہ ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھنے والا شعبہ زبوں حالی کا شکار ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں