پشاور میں ایس او پیز کی خلاف ورزی پر دو شاپنگ پلازہ سیل، 162 گرفتار 82

پشاور میں ایس او پیز کی خلاف ورزی پر دو شاپنگ پلازہ سیل، 162 گرفتار

پشاور: ضلعی انتظامیہ نے شہر بھر میں ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن میں 162 افراد کو گرفتار جب کہ متعدد دکانوں کو سیل کردیا ہے۔

ڈپٹی کمشنر پشاور محمد علی اصغر کی ہدایت پرمختلف علاقوں کے اسسٹنٹ اور ایڈیشنل اسٹنٹ کمشنرز نے متعلقہ علاقوں میں ضبابطہ اخلاق سے متعلق صورت حال کا جائزہ لیا۔انتظامیہ کی کارروائیوں کے دوران کم وزن روٹی فروخت کرنے پر پشاور بھر سے مجموعی طور پر29 نانبائیوں کو گرفتار کیا گیا اورضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر یونیورسٹی روڈ پر مدینہ پلازہ کو سیل کر دیا گیا جبکہ چارسدہ روڈ پر سوئمنگ پول کو سیل کیا گیا۔صدر میں ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی اور بار بار نوٹس کے باوجود سیفٹی ماسک نہ پہننے پر موبائل پلازہ کو سیل کر دیا گیا۔

پشاور کے مختلف علاقوں میں مجموعی طور پر 72 دکانوں کو سیل کیا گیا اورضلعی انتظامیہ کے افسران نے پشاور بھر سے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر 162افراد کو گرفتارکر کے موقع پر جرمانہ کیا۔

ڈپٹی کمشنر پشاور محمد علی اصغرنے عوام اور تاجروں کو ہدایت کی ہے کہ گھروں سے باہر نکلتے وقت حفاظتی ماسک کا استعمال ضرور کریں اور حکومتی ضابطہ اخلاق پر سختی سے عمل کریں بصورت دیگر قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں