زمبابوے سے سیریز؛ شعیب ملک کی شمولیت کا امکان معدوم 65

زمبابوے سے سیریز؛ شعیب ملک کی شمولیت کا امکان معدوم

کراچی: زمبابوے سے ٹی20سیریز کے اسکواڈ میں شعیب ملک کی شمولیت کا امکان معدوم ہو گیا، ان کی جگہ خوشدل شاہ کو کھیلنے کا موقع دیا جائے گا۔

زمبابوے سے سیریز کے اسکواڈ میں آل راؤنڈر شعیب ملک کی شمولیت کا امکان کم ہے، وہ انگلینڈ سے ٹی 20 سیریز کے واحد میچ میں 14رنز بنا سکے تھے،،حالیہ ٹورنامنٹ کے 10میچز میں انھوں نے اب تک 177 رنز اسکور کیے ہیں۔

سلیکٹرز خوشدل شاہ کو سیریز کے تینوں میچز کھیلانا چاہتے ہیں۔ گذشتہ برس آسٹریلیا سے واحد ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کھیلنے والے کرکٹر دورہ انگلینڈ میں کسی میچ میں حصہ نہیں لے سکے تھے، محمد حفیظ کو اچھی فارم کی وجہ سے ڈراپ کرنے کا امکان کم ہے، البتہ وزیر اعظم سے ملاقات کی وجہ سے پی سی بی حکام ان سے خوش نہیں،اگر اوپر سے کوئی ہدایت آئی تو مصباح سینئر بیٹسمین کو ’’ریسٹ‘‘ کرانے پر مجبور ہونگے، ٹی 20کپ میں چیف سلیکٹر نے رضوان کی کارکردگی پر خاص نظر رکھی اور ان کا بیٹنگ آرڈر بھی اوپر کرایا۔

ذرائع کے مطابق وہ زمبابوے کیخلاف ان ہی کو آزمانا چاہتے ہیں، انگلینڈ میں آخری میچ میں سرفراز کو موقع ملا تھا، وہ حالیہ ڈومیسٹک ایونٹ میں اچھی فارم میں نظر آ رہے ہیں۔ اوپنر فخر زمان اور فاسٹ بولر وہاب ریاض کو بھی آرام کا موقع دیا جا سکتا ہے،قومی ٹی20 کپ کے نمایاں پرفارمر عبداللہ شفیق کو پہلی بار قومی ٹیم کی نمائندگی کا موقع مل سکتا ہے ، انھوں نے اب تک جاری ایونٹ میں 358 رنز بنائے ہیں۔

کوچ مصباح الحق صوبائی ٹیموں کے معاملات میں خاصی دلچسپی لے رہے ہیں، کوچز اور ساتھی سلیکٹرز سے کہہ کر انھوں نے بعض ٹیموں میں کھلاڑیوں کو کھیلنے کا موقع دلایا، چندکے بیٹنگ آرڈر بھی تبدیل کرائے، وہ چیف سلیکٹر کا عہدہ چھوڑ چکے مگر زمبابوے سے ہوم سیریز اور دورئہ نیوزی لینڈ کے اسکواڈز آخری بار منتخب کریں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں