ملتان سلطانز کے ہدف کے تعاقب میں اسلام آباد یونائیٹڈ کی بیٹنگ جاری 56

ملتان سلطانز کے ہدف کے تعاقب میں اسلام آباد یونائیٹڈ کی بیٹنگ جاری

کراچی: پاکستان سپر لیگ کے چھٹے ایڈیشن کے تیسرے میچ میں ملتان سلطانز کی جانب سے دیئے گئے 151 رنز کے ہدف کے تعاقب میں اسلام آباد یونائیٹڈ کی بیٹنگ جاری ہے۔

کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے پی ایس ایل 6 کے تیسرے میچ میں ملتان سلطانز کے ہدف کے تعاقب میں اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے فل سالٹ اور الیکس ہیلز نے اننگز کا آغاز کیا تاہم اوپننگ پر آئے فل سالٹ 13 رنز پر محمد عمر کی بال پر جیمس ونس کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔ جس کے بعد اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان آئے اور محض 5 رنز پر ہی پویلین لوٹ گئے۔

اس سے قبل اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا جس کے جواب میں ملتان سلطانز کی جانب سے محمد رضوان اور کرس لین نے کھیل کا آغاز کیا تاہم کرس لین فہیم اشرف کی گیند پر سالٹ کے ہاتھوں صرف ایک رن بنا کر آؤٹ ہوئے۔ محمد رضوان نے جیمس ونس کے ساتھ اسکور بورڈ کو آگے بڑھایا تاہم 52 کے مجموعی اسکور پر جیمس ونس 16 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔

ملتان سلطانز کی تیسری وکٹ 87 رنز پر گری اور رائیلی روسو 25 رنز پر محمد وسیم کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔ ان کے بعد شعیب مقصود آئے اور محض 2 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ جس کے بعد خوش دل بھی صرف 7 رنز کے مہمان ثابت ہوئے۔

ملتان سلطانز کے کپتان محمد رضوان نے انتہائی ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے نہ صرف وکٹ روکے رکھی بلکہ نصف سنچری کے ساتھ اسکور بورڈ کو بھی آگے بڑھایا اور 71 رنز پر محمد وسیم کے ہاتھوں آؤٹ ہوئے۔ ان کے بعد شاہد آفریدی آئے اورکھاتہ کھولنے کی بھی زحمت نہ کی وہ محمد وسیم کا شکار بن کر پویلین واپس لوٹ گئے۔

ملتان سلطانز نے تمام اوورز کھیلتے ہوئے 150 رنز اسکور کیے اور مخالف ٹیم کو فتح کے لیے 151 رنز کا ہدف دے دیا جب کہ بالنگ میں اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے محمد وسیم نے 3 اور لوئس نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جب کہ حسن علی، فہیم اشرف اور شاداب خان نے ایک، ایک وکٹ حاصل کیں۔

پاکستان سپر لیگ کے چھٹے ایڈیشن کے دوسرے میچ میں لاہور قلندرز نے پشاور زلمی کو 4 وکٹ سے شکست دی، پشاور زلمی نے مقررہ 20 اوورز میں 140 رنز بنائے جب کہ لاہور قلندرز نے مطلوبہ ہدف 6 وکٹ کے نقصان پر 19ویں اوور میں پورا کیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں