ڈی آئی خان: تحصیل درازندہ میں ٹریفک حادثے میں 10 افراد جاں بحق، 33 زخمی

ڈی آئی خان: تحصیل درازندہ میں ٹریفک حادثے میں 10 افراد جاں بحق، 33 زخمی

ڈیرہ اسماعیل خان کی تحصیل درازندہ میں مغل کوٹ تھانے کی حدود میں شمبے زوندا کے علاقے میں ٹریکٹر ٹرالی اور ہینو ٹرک کے درمیان تصادم کے نتیجہ میں 10 افراد جاں بحق جبکہ 33 افراد زخمی ہو گئے ہیں۔


ضلعی پولیس کے ترجمان امتیاز علی جنجوعہ نے اے آر وائی نیوز کو بتایا کہ مغل کوٹ تھانے کی حدود میں ضم شدہ قبائلی تحصیل درازندہ کے علاقے شمبے زوندا میں ایک ٹریکٹر ٹرالی خانہ بدوشوں کو لے کر جا رہی تھی کہ ہینو ٹرک سے ٹکرا گئی۔


تصادم کے نتیجے میں 6 خواتین اور 4 مردوں سمیت دس افراد جاں بحق اور 33 افراد زخمی ہوئے ہیں ۔جاں بحق ہونے والوں میں حسن زئی، سعدیہ بی بی، پیدہ بی بی، سائرہ بی بی، ثناء اللہ، سمیع اللہ، حمیدہ بی بی، صدف بی بی، نسیمہ بی بی اور عطا اللہ شامل ہیں۔


واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور ریسکیو 1122 کی میڈیکل ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور زخمیوں اور لاشوں کو ٹائپ ڈی ہسپتال درازندہ منتقل کیا۔


زخمیوں میں بوستانہ بی بی، سیف اللہ، انعام، نادیہ، ہدایت اللہ، آمنہ بی بی، حنیفہ بی بی اور دیگر شامل ہیں۔ شدید زخمیوں کو ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر (ڈی ایچ کیو) ہسپتال ڈیرہ اسماعیل خان منتقل کیا جا رہا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں