سلام کوٹ ہاتن درہ کو پولیس نے کامیاب کارروائی کے بعد دہشتگردوں سے پاک کردیا۔
دیربالا پولیس کے مطابق 3 دن تک جاری رہنے والے آپریشن میں 7 دہشت گرد مارے گئے۔ ترجمان پولیس نے مزید بتایا کہ ہاتن درہ کی تمام اہم پہاڑی چوٹیوں پر پولیس نے اپنی پوسٹیں قائم کر دی ہیں تاکہ علاقے کو مکمل طور پر محفوظ بنایا جا سکے۔
آپریشن کے دوران پہاڑی کی چوٹی پر قبضہ حاصل کرنے کے بعد پولیس جوانوں نے ’’پاکستان زندہ باد‘‘ کے نعرے بلند کیے اور اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کیا، جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی۔
ویڈیو میں پولیس اہلکاروں کو جوش و جذبے کے ساتھ پاکستان زندہ باد کے نعرے لگاتے دیکھا جا سکتا ہے۔
ذرائع کے مطابق علاقے میں سکیورٹی مزید سخت کر دی گئی ہے تاکہ دہشتگردوں کے دوبارہ داخل ہونے کی ممکنہ کوشش ناکام بنائی جا سکے۔















