1

ڈیفنس میں سرکاری افسر کے گھر میں ڈکیتی، زیورات سمیت کروڑوں مالیت کا سامان لوٹ لیا گیا


کراچی:

ڈیفنس فیز 6 میں ڈکیتی کی بڑی واردات میں ڈاکوؤں نے سرکاری افسر کے گھر سے 2 کروڑ روپے سے زائد مالیت کی نقدی، طلائی زیورات اور دیگر قیمتی سامان لوٹ لیا جبکہ ایک ملزم کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔

پولیس کے مطابق ڈاکو سرکاری افسر کے بنگلے سے ڈیڑھ کروڑ نقدی اور 80 لاکھ مالیت کا طلائی زیورات سمیت دیگر قیمتی سامان لوٹ کر لے گئے ہیں۔

درخشاں پولیس نے واردات کا مقدمہ درج کرلیا ہے اور پولیس نے ڈاکوؤں کی تلاش میں نوشہرو فیروز میں چھاپے مارے ہیں۔

ایس ایچ او درخشاں شاہد تاج نے بتایا کہ ڈیفنس فیز 6 بڑا نشاط کمرشل پر واقع عمارت کی پہلی منزل کے فلیٹ میں رہائش پذیر سرکاری افسر مختار کار کیماڑی گدا حسین ابڑو نے اپنے فلیٹ میں ڈکیتی کی واردات کا مقدمہ درج کرایا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے واردات میں ملوث گھریلو ملازم عدنان ملک کو گرفتار کرلیا، جس نے مبینہ منصوبے بندی کے تحت اپنے دیگردو ساتھیوں کے ذریعے واردات کرائی تھی جوموقع سے فرارہیں تاہم ان کی گرفتاری کےلیے چھاپے مارے جارہے ہیں۔

شاہد تاج نے بتایا کہ ڈاکوؤں کی جانب سے واردات کیماڑی کے مختیار کار گدا حسین ابڑو کے بنگلے پر کی گئی، جس میں گھر کا ملازم اور اس کے دیگر 2 ساتھی ملوث پائے گئے ہیں۔

مدعی مقدمہ سرکاری افسر گدا حسین ابڑو نے پولیس کو بیان دیا ہے کہ 27 اکتوبر کو میں دفتر میں موجود تھا کہ دن ڈھائی بجے کے قریب میری اہلیہ نے کال کر کے مجھے بتایا کہ گھر میں چند نامعلوم لوگ آئے اور اسلحے کے زور پر گھر سے سامان لوٹ لیا۔

ان کا کہنا تھا کہ اس اطلاع پر میں فوری طور پر گھر آیا تو اہلیہ نے بتایا کہ دو نامعلوم افراد نے گھر کا دروازہ کھٹکھٹایا، جس پر گھر کے ملازم عدنان نے دروازہ کھولا اور دو افراد گیٹ کے اندر داخل ہوگئے۔

مدعی نے بتایا کہ ڈاکو فیملی کو ایک کمرے میں بند کر کے دوسرے کمرے میں چلے گئ جہاں سے نقد رقم ڈیڑھ کروڑ روپے، آئی فون پرومیکس 13، دوسرا ٹچ اسکرین موبائل فون، طلائی زیورات جس میں دوانگھوٹیاں، 3 طلائی چین، گلے کا طلائی سیٹ، لیپ ٹاپ اورٹیبلیٹ لوٹ کر فرار ہوگئے۔

انہوں نے کہا کہ ڈاکوں جو قیمتی اشیا لے کر گئے ہیں ان تمام اشیا کی مجموعی مالیت 80 لاکھ روپے بنتی ہے۔

پولیس نے مقدمہ نمبر 819 سال 2025 بجرم دفعہ 397 چونتیس کے تحت درج کر کے مزید تفتیش کے لیے انویسٹی گیشن پولیس کے حوالے کر دیا ہے۔

واضح رہے کہ چند ماہ قبل ڈیفنس فیز 5 خیابان مجاہد میں ایک پولیس افسر کے گھرسے بھی ڈاکو 2 کروڑ روپے سے زائد مالیت کی ڈکیتی کر کے فرار ہوئے تھے، جس میں نقدی، طلائی زیورات، غیر ملکی کرنسی اور دیگر سامان شامل تھا۔





Source link

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں