کراچی:
وزیرداخلہ سندھ ضیا الحسن لنجار نے کہا ہے کہ ماہ ربیع الاول کے دوران صوبائی سطح پر غیر معمولی سیکیورٹی اقدامات کو یقنینی بنایا جائے۔
ضیاء الحسن لنجار نے کہا کہ نعتیہ محافل و اجتماعات اور جلوسوں کے لئے پولیس رینج، ڈسٹرکٹس اور زونز کی سطح پر غیر معمولی سیکیورٹی اقدامات کیئے جائیں، اس حوالے سے علمائے کرام، معروف سیاسی مذہبی شخصیات کو باقاعدہ اعتماد میں لیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ کنٹی جینسی پلان پر عمل درآمد اور بین المسالک ہم آہنگی کے فروغ کے لئے تمام تر اقدامات اٹھائے جائیں۔ بارہ ربیع الاول کے جلوسوں کی اجتماع گاہوں، گزر گاہوں سمیت دیگر اہم مقامات پر ٹیکنیکل سوئپنگ اور کلیئرنس کو جوبیس گھنٹے قبل ہی مکمل کرلیا جائے۔
وزیر داخلہ سندھ نے کہا کہ جلوسوں کی گزر گاہںوں اور اجتماع گاہںوں پر بم ڈسپوزل اسکواڈ کی موجودگی کے ساتھ ساتھ باوردی پولیس اہلکاروں کو بھی خصوصی ذمہ داریاں سونپی جائیں۔ سینٹرل پولیس آفس میں قائم کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر سمیت دیگر وائرلیس کنٹرول رومز سے تمام رینج ڈسٹرکٹس اور زونز مستقل رابطوں کے اقدامات یقینی بنائیں۔
ضیاء الحسن لنجار نے مزید کہا کہ جلوس کے راستوں پر پارکنگ ممنوع ہوگی، گاڑیاں مخصوص مقامات پر کھڑی کی جائیں، سول کپڑوں میں سکیورٹی اہلکار نگرانی پر مامور کیے جائیں۔















