1

ملک بھر میں آج عیدالاضحیٰ مذہبی جوش و جذبےسے منائی جائے گی

کراچی/راولپنڈی/لاہور:ملک بھر میں آج عیدالاضحیٰ مذہبی جوش و جذبےسے منائی جائے گی، وزیراعظم اور افواج پاکستان کی جانب سے عیدالاضحیٰ کے موقع پر قوم کو مبارکباد دی گئی ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق پاکستان بھر میں عید قرباں آج مذہبی جوش و جذبے سے منائی جائے گی، تمام چھوٹے بڑے شہروں اور گاؤں دیہات میں عید کی نماز کے اجتماعات منعقد کیے جائیں گے۔

نماز عید کی ادائیگی اور خطبہ عید الاضحی کے بعد عالم اسلام کی سربلندی، ملکی ترقی و خوشحالی، فلسطینی اور کشمیری مسلمانوں کے لیے بھی دعائیں کی جائیں گی۔

بعد نماز عید ارض وطن کے کونے کونے میں مسلمان سنت ابراہیمی کی پیروی کرتے ہوئے جانور قربان کریں گے جن کی خریداری گذشتہ کئی روز سے زور و شور سے کی جارہی تھی۔

عید الاضحی کے تینوں ایام میں سنت ابراہیمی کی ادائیگی کے لیے جانور قربان کرنے کا سلسلہ جاری رہے گا، شہری اللہ کی راہ میں انفرادی اور اجتماعی قربانی کریں گے، اور قربانی کا گوشت مساکین اور غربا میں تقسیم کیا جائے گا۔

دریں اثنا صدر پاکستان آصف علی زرداری نواب شاہ میں عید منائیں گے جبکہ وزیراعظم شہباز شریف ماڈل ٹاؤن میں اپنی رہائش گاہ پر نماز عید ادا کریں گے۔

سابق وزیراعظم اور پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر میاں محمد نواز شریف اور  وزیراعلی پنجاب مریم نواز عید جاتی امرا رائیونڈ میں  منائیں گے۔

وزیراعظم کی قوم کو عید کی مبارکباد

وزیراعظم شہباز شریف نے قوم کو عید الاضحیٰ  کی مبارکباد پیش کی ہے اور کہا ہے کہ آپس میں  اتحاد و یگانگت کو فروغ دیں۔ اپنے ایکس اکاؤنٹ پر پیغام میں وزیراعظم نے کہا کہ  میں عید کے پرمسرت موقع پر ہم وطنوں اور تمام مسلمانوں کو دلی مبارکباد پیش کرتا ہوں۔

shahbaz-tweet

انہوں نے ہم وطنوں سے کہا ہے کہ آئیں اس مبارک دن کے حقیقی معنوں کو سمجھتے ہوئے آپس میں اتحاد و یگانگت کو فروغ دیں۔

پاک فوج کی جانب سے قوم کو مبارکباد

آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستان کی مسلح افواج، CJCSC اور سروسز چیفس نے عیدالاضحیٰ کے موقع پر اہل وطن کو مبارکباد پیش کی ہے۔

یہ مقدس واقعہ عظیم تر بھلائی کے لیے قربانی کے جذبے کو ابھارتا ہے،  اس مبارک دن پر ہم وطن کی آزادی اور امن کے لیے اپنے شہداء اور غازیوں کے مقروض ہیںجن کی لازوال قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔

اللہ تعالیٰ پاکستان پر اپنی رحمتیں نازل فرمائے اور اسے دشمنوں کے مذموم عزائم سے محفوظ رکھے، آمین۔





Source link

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں