1

لاہورہائیکورٹ نے حسان نیازی سے الیکشن کے کاغذات نامزدگی پر دستخط کرانے کی ہدایت کردی

لاہور ہائیکورٹ نے الیکشن کمیشن کے وکیل اور ڈپٹی اٹارنی جنرل کو رہنما پی ٹی آئی حسان نیازی سے الیکشن کے کاغذاتِ نامزدگی پر دستخط کی اجازت کی ہدایت کردی۔

جسٹس علی باقر نجفی نے حسان خان کی والدہ کی درخواست پر 4 صفحات پر مشتمل تحریری فیصلہ جاری کردیا جس میں کہا گیا کہ ’’حسان نیازی اس وقت جناح ہاؤس حملہ کیس میں کمانڈنگ آفیسر کی کسٹڈی میں ہیں جبکہ درخواست گزار کے مطابق وہ الیکشن میں حصہ لینا چاہتے ہیں لیکن کاغذات نامزدگی پر دستخط کی اجازت نہیں دی جارہی۔

فیصلے میں کہا گیا کہ درخواست گزار نے یہ نہیں بتایا کہ وہ کس حلقہ سے الیکشن لڑنا چاہتے ہیں جبکہ سرکاری وکیل نے اعتراف کیا کہ حسان نیازی سزا یافتہ نہیں ہیں وہ الیکشن میں حصہ لے سکتے ہیں اور سرکاری وکیل نے بتایا کہ ان کا کمانڈنگ آفیسر سے رابطہ نہیں ہورہا۔

عدالتی فیصلے کے مطابق ڈپٹی اٹارنی جنرل نے آرمی ایکٹ کی کوئی ایسی شق نہیں بتائی جس کے تحت زیر ٹرائل ملزم الیکشن میں حصہ نہ لے سکے، اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ حسان نیازی الیکشن میں حصہ لینے کے لیے کاغذات پر دستخط کرنا چاہیں تو اجازت دی جائے۔

عدالت نے حسان نیازی کی درخواست نمٹاتے ہوئے عدالتی فیصلے میں کہا کہ الیکشن کمیشن کے وکیل اور ڈپٹی اٹارنی جنرل عدالتی حکم سے متعلق کمانڈنگ آفیسر کو آگاہ کریں۔





Source link

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں