سنیل شیٹھی اور اکشےکمار نے 21 سال بعد فلم ’ہیرا پھیری‘ کی یادیں تازہ کردی 102

سنیل شیٹھی اور اکشےکمار نے 21 سال بعد فلم ’ہیرا پھیری‘ کی یادیں تازہ کردی

ممبئی: بالی ووڈ اداکاروں نے 21 سال بعد مشہور زمانہ کامیڈی فلم ’ہیرا پھیری‘ کی یادیں تازہ کردی۔

آج سے 21 سال قبل طنز ومزاح سے بھرپور فلم ’ ہیرا پھیری‘ نے کامیڈی فلموں کے لئے راہ ہموار کردی تھی۔ سنیل شیٹھی، اکشے کمار اور پریش راول کی کامیڈی نے دیکھنے والوں پر سحر طاری کردیا تھا جسے لوگ آج بھی یاد رکھے ہوئے ہیں اور آج سیکڑوں کامیڈی فلمیں ریلیز ہونے کے باوجود اس فلم کا کوئی ثانی نہیں۔

فلم میں مرکزی کردار ادا کرنے والے سنیل شیٹھی نے اپنی فلم کی یادوں کو ٹوئٹر پر شیئر کیا اور خوشی کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ ’ کیا یہ تعجب کی بات نہیں کہ ہم اس بات کا اندازہ نہیں کرپاتے کہ وقت کتنا تیزی سے گزر رہا ہے۔ ایسا لگتا ہے کہ آنکھ جھبکتے ہی 21 سال یوں ہی گزر گئے۔ کیا بہترین فلم تھی جو ہم نے بنائی تھی۔ آج میں اوم پوری صاحب کو یاد کر رہا ہوں۔

اکشے کمار نے بھی سنیل شیٹھی کی بات کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں بلکل بھی اندازہ نہیں تھا کہ ہم کس نوعیت کی فلم بنا رہے ہیں کیوں کہ فلم کا ہر ایک سین دوسرے سین کے مقابلے میں اہمیت کا حامل تھا، خاص کر ’ دھوتی ‘ والا سین۔

فلم ہیرا پھیری میں ولن کا کردار اد کرنے والے گلشن گروور نے بھی اس فلم سے وابستہ اپنی یادیں تازہ کرتے ہوئے فلم کا ایک مزاحیہ سین بھی شیئر کیا ہے۔

واضح رہے کہ 2000 میں ریلیز ہونے والی فلم ہیرا پھیری‘ میں سنیل شیٹھی، اکشے کمار اور پریش راول نے مرکزی کردار ادا کئے تھے۔ فلم کی مقبولیت کو دیکھتے ہوئے 2006 میں اس فلم کا سیکوئل بھی بنایا گیا جسے کافی پسند بھی کیا گیا تھا تاہم کچھ سالوں سے فلم کا دوسرا سیکوئل بنانے پر غور کیا جا رہا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں