سرکاری اعزاز کے ساتھ سری دیوی کی آخری رسومات ادا کردی گئیں

تابوت کو بھارتی قومی پرچم سے لپیٹا گیا، پولیس کے دستے نے سلامی دی
آخری وقت میں دلہن کی طرح سجایا گیا، لال رنگ کی ساڑھی بھی پہنائی گئی
آخری رسومات میں مادھوری ڈکشت، تبو، ایشوریا، جیابچن، شاہ رخ و دیگر شریک تھے
ممبئی( نیٹ نیوز) سری دیوی کی سرکاری اعزاز کے ساتھ آخری رسومات ادا کردی گئیں۔ آخری رسومات کے دوران پولیس کے دستے نے اداکارہ کی میت کو سلامی دی اور ان کی لاش کو بھارتی پرچم میں لپیٹا گیا۔ ہندو مذہب کے رسم و رواج کے مطابق اداکارہ کو آخری وقت میں دلہن کی طرح سجایا گیا اور انہیں لال رنگ کی ساڑھی بھی پہنائی گئی۔ بالی ووڈ اداکارہ تبو‘ ایشوریہ رائے‘ مادھوری ڈکشٹ ‘ ہیما مالنی ‘روینہ ٹنڈن‘جیا بچن ‘ شاہ رخ خان سمیت بالی ووڈ کے تمام اداکاروں نے آنجہانی اداکارہ سری دیوی کی آخری رسومات میں شرکت کی۔ آخری رسومات ولے پارلے کے شمشان گھاٹ میں ادا کردی گئیں۔ بھارتی میڈیا کے مطابق اداکارہ کی میت کو صبح سارھے9بجے سے ساڑھے12 بجے تک لوکھنڈ والا کے اسپورٹس کلب میں رکھا گیا۔ جہاں مداحوں نے سری دیوی کا آخری دیدار کیا۔ ولے پارلے کے شمشان گھاٹ میں شوہر بونی کپور نے آخری رسومات ادا کیں۔ سری دیوی کی میت گزشتہ رات بھارتی صنعتکار مکیش امبانی کے نجی چارٹر طیارے کے ذریعے ممبئی پہنچائی گئی تھی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں