•••ادبی دائرہ کے زیر اہتمام بیاد نور احمد ناز مشاعرہ •••

•••ادبی دائرہ کے زیر اہتمام بیاد نور احمد ناز مشاعرہ •••

رپورٹ:منیر فردوس

جوانی میں داغِ مفارقت دے جانے والے ڈیرہ اسماعیل خان کے نوجوان عمدہ شاعر نور احمد ناز مرحوم کی یاد میں ادبی دائرہ ڈی آئی خان کے زیر اہتمام مورخہ 20 جنوری 2021 کو دفتر علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے ہال میں ایک ادبی نشست و مشاعرہ کا اہتمام کیا گیا۔ جس میں ادبی دائرہ کے ارکان کے علاوہ ڈیرہ کی دیگر ادبی شخصیات نے بھی شرکت کی.

نور احمد ناز کی یاد میں منعقدہ تقریب کے شرکاء

اس نشست کے دو حصے تھے, پہلے حصے میں نور احمد ناز کی شخصیت اور ان کے ادبی کارناموں پر گفتگو کی گئی. اس گفتگو میں ادبی دائرہ کے جنرل سیکریٹری منیر احمد فردوس اور نظم گو شاعر خوشحال ناظر نے حصہ لیا۔

تقریب کے روح رواں منیر احمد فردوس تقریب سے خطاب کر رہے ہیں

جبکہ ملٹی میڈیا پر نور احمد ناز مرحوم کے مشاعروں کی چند ویڈیوز دکھا کر ان کی یادوں کو خوب تازہ کیا گیا۔ یہ ادبی دائرہ کا پہلا باقاعدہ پروگرام تھا جو ڈیرہ کے دیرینہ ادبی ساتھی مرحوم نور احمد ناز کے نام رہا اور یہ اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ نور ناز کو یاد رکھا گیا جو 14 جنوری 2013 کو قلیل علالت کے بعد اس دار فانی سے اچانک کوچ کر گئے۔ پروگرام میں مرحوم شاعر کی مغفرت کے لیے خصوصی دعا بھی مانگی گئی.

نشست کے دوسرے حصے میں نور احمد ناز کی یاد میں مشاعرے کا اہتمام کیا گیا۔ نظامت کے فرائض ادبی دائرہ کے جنرل سیکریٹری منیر احمد فردوس نے انجام دیئے. مسند صدارت انجمن ترقی پسند مصنفین کے صوبائی صدر جناب ثناء اللہ شمیم ایڈووکیٹ نے سنبھالی جبکہ مہمان خصوصی پروفیسر شہاب صفدر اور مہمان اعزاز ابرار عقیل تھے. دیگر شعراء کرام میں خورشید ربانی، پروفیسر محمد علی بخاری, خوشحال ناظر, رخسانہ سمن, رحمت اللہ عامر, موسی کلیم دوتانی, طاہر جاوید, قیس رضا, عون رضا, مصور عباس, مجاہد تاثیر, ذیشان گوہر اور رجب علی شامل تھے. روزنامہ اعتدال کے چیف ایڈیٹر محمدعرفان مغل, عنایت عادل اور سرائیکی شاعر بشیر سیماب نے خصوصی شرکت کر کے محفل کو رونق افروز کیا۔

آخر میں ادبی دائرہ کے صدر جناب خورشید ربانی نے تمام حاضرین کا شکریہ ادا کیا جبکہ احسان بلوچ اور علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی ڈیرہ کے خصوصی تعاون پر ان کی خدمات کو سراہتے ہوئے ان کا خصوصی شکریہ ادا کیا

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں