عمرشریف کیلیے ایئرایمبولینس کراچی ایئرپورٹ پہنچ گئی، طبیعت کے باعث روانگی موخر

عمرشریف کیلیے ایئرایمبولینس کراچی ایئرپورٹ پہنچ گئی، طبیعت کے باعث روانگی موخر

کراچی:معروف کامیڈین عمرشریف کیلیے ایئرایمبولینس کراچی ایئرپورٹ پہنچ گئی ہے تاہم ان کی طبیعت کے باعث امریکا روانگی موخرکردی گئی ہے۔

اعتدال نیوز کے مطابق پاکستان کے لیجنڈ اداکار عمر شریف کی علاج کے لیے امریکا روانگی موخر کردی گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق شہر کے نجی اسپتال میں زیر علاج پاکستان کے عالمی شہرت یافتہ  کامیڈین، ڈرامہ نگار اور فلم اسٹار عمر شریف کی حالت ایک مرتبہ پھر بگڑنے پر انہیں سی سی یو میں منتقل کر دیا گیا ہے۔

اسپتال ذرائع کا کہنا ہے کہ اسپتال میں ڈائیلاسز کے دوران عمر شریف کا بلڈ پریشر کم ہوگیا تھا اور طبیعت بگڑنے پر انہیں سی سی یو وارڈ منتقل کیا گیا ہے، جہاں انہیں اگلے 48 گھنٹے تک زیر نگرانی رکھا جائے گا۔ جب کہ طبیعت بہتر ہونے پر ان کی بیرون ملک روانگی سے متعلق فیصلہ ہوگا۔

یہ خبر بھی پڑھیئے : عمر شریف کیلئے اگلے 24 گھنٹے بہت اہم ہیں، زرین عمر

دوسری جانب ایئرایمبولینس کراچی ایئرپورٹ پرلینڈ کرگئی ہے۔ ایئرایمبولینس فلپائن سے پاکستان روانہ ہوئی تھی۔ سی اے اے کے شعبہ ایئرٹرانسپورٹ نے ائیرایمبولینس کولینڈنگ کی خصوصی اجازت دے رکھی تھی۔

ذرائع کے مطابق امریکا میں مقیم امراض قلب کے ماہرڈاکٹراورپاکستانی اداکارہ ریما خان کے شوہرڈاکٹر طارق شہاب نے واشنگٹن میں عمرشریف کے علاج معالجے کے تمام انتظامات کیے ہیں اوروہ پاکستانی ڈاکٹروں سے مسلسل رابطے میں ہیں۔

عمرشریف کو ایئرایمبولینس کے ذریعے جارج واشنگٹن ہسپتال منتقل کیا جانا تھا۔ جہاں ان کے دل کے والو کا ایک بالکل نئی تکنیک ’مائٹرل والو کلپنگـ‘ کے ذریعے علاج کیا جائے گا۔ اس ٹیکنالوجی کی بدولت اوپن ہارٹ سرجری کے بغیر ہی والو کا علاج کیا جاتا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں