ٹانک (مصطفیٰ مغل) پہاڑ ی ندی نالوں میں مسلسل بارشوں سے آنے والے سیلابی ریلے نے ضلع ٹانک کے علاقہ کنڈیان سرکل میں تباہی مچادی ،پائی اور ملحقہ علاقوں میں 50 فیصد گھر صفہ ہستی سے مٹ گئے چھتیں گرنے سے ایک شخص جانبحق جبکہ متعدد افراد زخمی ہوگئے
ضلع ٹانک میں صبح کے وقت اچانک آنے والے اونچے درجے کے سیلاب نے سرکل کنڈیان کو شدید متاثر کیا ہے۔ سیلابی ریلا گاؤں پائی ، غریب آباد ، نندور محمد اکبر اور دیگر چھوٹی آبادیوں کے اندر داخل ہوگیا ۔گاؤں پائی میں سیلاب کے باعث 50 فیصد گھر زمین بوس ہوگئے اس دوران چھتیں گرنے سے ایک شخص جانبحق جبکہ متعدد زخمی ہوگئے .

سیلابی پانی میں دو بچے بھی بہہ گئے تھے جنہیں کئی گھنٹوں کی محنت کے بعد مقامی افراد نے نکال لیا ۔کئی گھنٹوں تک پورا علاقہ سیلاب کہ زد میں رہا ۔ جبکہ ضلعی انتظامیہ، ریسکیو 112 اور پاک فوج کے دستوں نے علاقہ میں پہنچ کر امدادی سرگرمیوں میں حصہ لیا ۔

تاہم اس دوران پورے علاقہ میں دیہاتوں میں لاؤڈ سپیکر سے اعلانات کئے گئے اور ہزاروں کی تعداد میں نوجوانوں نے امدادی کاروائیوں میں حصہ لیا۔ اس وقت علاقہ بھر میں اونچے درجے کا سیلاب ہے گاؤں کے اندر موجود تمام مکانات کریک ہوگئے ہیں شہری مکانات سے باہر شدید گرمی میں زندگی کھلے آسماں تلے زندگی گزارنے پر مجبور ہوگئے۔

شہریوں نے حکومت سے ہنگامی بنیادوں پر خیمہ بستی کے قیام اور راشن فراہم کرنے کی اپیل کی ہے دوسری جانب ضلعی انتظامیہ کی جانب سے ڈروں کیمرے کے ذریعے علاقے کا جائزہ لیا جارہا ہے اس وقت علاقے میں امدادی سرگرمیاں شروع کردی گئیں ہیں لیکن پانی کی سطح آب بھی بدستور قائم ہے۔

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے ضلع ٹانک سمیت صوبے کے بعض علاقوں میں حالیہ بارشوں سے پیدا شدہ صورتحال سے نمٹنے کے لیے ہدایات جاری کر دیں ہیں ۔

وزیر اعلیٰ کی متعلقہ ضلعی انتظامیہ کو ریسکیو 1122 سمیت تمام متعلقہ اداروں کو متحرک کرنے کی ہدایت۔ وزیر اعلیٰ محمود خان نے متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیوں کو تیز کرنے کی ہدایت کی ہے۔ وزیر اعلیٰ محمود خان نے ٹانک و دیگر علاقوں میں سیلابی ریلے میں پھنسے لوگوں کو نکالنے کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں اور متاثرہ لوگوں کو باحفاظت طریقے سے محفوظ مقامات پر منتقل کیا جائے ، وزیر اعلیٰ محمود خان کا کہنا تھا کہ سیلابی ریلے سے متاثرہ لوگوں کو ہر ممکن امداد فراہم کی جائے