Kundi Model Farm Blast

کنڈی ماڈل فارم میں گیس لیکج سے دھماکہ، 3 افراد جانبحق، 4 زخمی

ڈیرہ اسماعیل خان( مصطفیٰ مغل) ڈیرہ چشمہ روڈ پر واقع کنڈی ماڈل فارم میں گیس لیکج سے ہونیوالے دھماکے میں تین افراد جھلس کرہلاک جبکہ چار افراد شدید زخمی ہو گئے ، جنہیں فوری طور پرعلاج کے لئے برن سنٹر اسلام آباد ریفر کر دیا گیا یہاں جمعرات کے روز۔

ہلاک ہونیوالوں میں پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات اور سابق ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی فیصل کریم خان کنڈی کے ماموں طارق زمان کنڈی اف رنوال اس کی بیوی اور نواسی شامل ہیں۔

ریسکیو اہلکار کنڈی ماڈل فارم میں لگنے والی آگ کو بجھاتے ہوئے

ریسکیو 1122 کے میڈیا کوارڈی نیٹر اعزاز محمود نے بتایا کہ  کنڈی ماڈل فارم میں طارق زمان کنڈی کے رہائش گاہ پر ناشتہ کی تیاری کے وقت گیس لیکج کے باعث کیچن میں زوردار دھماکہ ہوا جس کے باعث  طارق زمان کنڈی ، اسکا بیٹا، 2بیٹیاں اور نواسی سمیت 5افراد جھلس کر شدید زخمی ہو گئے۔ریسکیو 1122 کے مطابق اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیمیں فوری طور موقع پر پہنچ گئیں اور زخمیوں کو فوری طور پر ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتال ڈیرہ  منتقل کیا گیا جبکہ فائر فائٹنگ ٹیم نے گھر میں لگنے والے آگ پرقابو پا لیا ۔

ایک پولیس آفیشل نے بتایا کہ تھانہ صدر کی حدود ڈیرہ چشمہ روڈ پرکنڈی ماڈل فارم میں پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات اور سابق ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی فیصل کریم خان کنڈی کی رہائش گاہ کےعقب میں ان کے ماموں طارق زمان کنڈی کے گھر گیس لیکج کے باعث زور دار دھماکے کے بعد آگ لگ گئی۔آگ نے گھر کے دو رہائشی کمروں اور کچن کو اپنی لپیٹ میں لے لیا جبکہ گھریلو سامان اور گھر میں کھڑی گاڑی کو بھی نقصان پہنچا۔

دھماکے کی آوازکی اطلاع پر ڈی ایس پی صدر حافظ عدنان خان کی قیادت میں تھانہ صدر پولیس اور انچارج بم ڈسپوزل سکواڈ عنایت اللہ ٹائیگر اور ریسکیو1122 ٹیم کی میڈیکل و فائر سیفٹی ٹیم نے بروقت رسپانس کرتے ہوئے جائے وقوعہ پر پہنچ کر آگ پر قابو پایا اور زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد فراہمی کے بعد ہسپتال منتقل کیا۔

 گیس لیکج دھماکے میں فیصل کریم خان کنڈی اور پیپلز پارٹی کے خیبر پختونخوا اسمبلی میں رکن اسمبلی احمد کریم خان کنڈی کے ماموں طارق زمان کنڈی ولدعزیز الرحمن کنڈی، ان کی اہلیہ حمیدہ بی بی،بیٹا حیدر کنڈی، دو بیٹیاں عروبہ بی بی اور زینب بی بی سمیت دو نواسیاں 7 سالہ مریم بی بی اور آمنہ بی بی دختران ہمایون کنڈی جھلس کر زخمی ہوگئے۔

 ریسکیو1122کی میڈیکل ٹیم نے زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد کے بعد ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال ڈیرہ منتقل کیا جہاں طارق زمان کنڈی کی اہلیہ حمیدہ بی بی اور 7سالہ نواسی مریم بی بی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہو گئے.

 دیگر زخمیوں کو تشویشناک حالت اور ڈیرہ ہسپتال میں برن سنٹر کی سہولیات نہ ہونے پر اسلام آباد منتقل کردیا گیا۔واقعہ میں جھلس جانے والے  دیگر زخمیوں کی حالت تشویشناک بیان کی جاتی ہے۔ 

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں