Rescue Workers with people trapped by flood after rescuing them

ٹانک میں سیلابی ریلے میں پھنسے 35 افراد کو ریسکیو کر لیا گیا

ٹانک(مصطفیٰ مغل) ضلع ٹانک کے علاقے گومل میں سیلابی ریلے میں پھنسے 35 افراد کو ریسکیو 1122 کے اہلکاروں نے  سیلابی ریلے سے نکال کر محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا ہے۔

          خیبرپختونخوا کے وزیر بلدیات و دیہی ترقی فیصل امین خان گنڈا پور نے جمعرات کو ایک بیان میں کہا کہ ان لوگوں کو بچانے اور محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے گئے ہیں، شیر خوار بچوں، خواتین اور مردوں سمیت تمام لوگوں کو بحفاظت نکال لیا گیا، ضلع ٹانک کے علاقے گومل میں سیلاب کی اطلاع کے فوراً بعد ریسکیو اور ریلیف کے کاموں میں ضلعی انتظامیہ، ریسکیو 1122 اور دیگر متعلقہ محکموں کی شرکت قابل تعریف ہے۔

سیلاب میں پھنسی ایک نو مولود بچی کو ریسکیو اہلکار ریسکیو کرتے ہوئے

    ڈپٹی کمشنر ٹانک حمید اللہ خٹک نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سیلاب میں پھنسے تمام افراد کو بحفاظت نکال لیا گیا ہے، ایف سی، ضلعی انتظامیہ، ٹانک پولیس، ریسکیو 1122 اور مقامی رضاکاروں نے سیلاب کے باعث پھنسے تمام افراد کو نکالنے کے لیے مشترکہ آپریشن کیا، گومل کے علاقے میں سیلاب کی اطلاع ملتے ہی ضلعی انتظامیہ نے فوری طور پر ریسکیو آپریشن شروع کر دیا تھا۔

     سیلاب سے متاثرہ شخص محمد سلیم نے بتایا کہ وہ اپنے گاؤں رغزہ کی طرف جا رہا تھا کہ اچانک سیلابی ریلے میں پھنس گیا۔ متاثرہ شخص نے متاثرین کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کے ساتھ ساتھ بروقت کارروائی اور ریسکیو آپریشن پر تمام محکموں کا شکریہ ادا کیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں