کلاچی: پی ٹی آئی کے رکن صوبائی اسمبلی آغاز خان گنڈا پور کے گھر پر فائرنگ ‘ ڈیوٹی پر مامور پولیس اہلکار شہید

کلاچی: پی ٹی آئی کے رکن صوبائی اسمبلی آغاز خان گنڈا پور کے گھر پر فائرنگ ‘ ڈیوٹی پر مامور پولیس اہلکار شہید

ڈیرہ اسماعیل خان(وقائع نگار خصوصی) نامعلوم مسلح حملہ آوروں نے پی ٹی آئی کے رکن صوبائی اسمبلی(ایم پی اے) آغاز خان گنڈا پور کے گھر پر فائرنگ کردی،فائرنگ کے نتیجہ میں ڈیوٹی پر موجود کانسٹیبل شہید ہوگیا، پولیس نے پیر کی رات کو بتایا۔

ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر(ڈی پی او)ڈی آئی خان نجم الحسنین لیاقت نے بتایا کہ پیر کی رات نامعلوم افراد نے حلقہ پی کے 99کلاچی سے پی ٹی آئی کے رکن صوبائی اسمبلی سردار آغاز اکرام اللہ خان گنڈا پور کے گھر پر فائرنگ کی۔ جس کے نتیجے میں گھر کے گیٹ پر ڈیوٹی پر مامور پولیس کانسٹیبل زخمی ہوگیا۔

زخمی پولیس کانسٹیبل کو ہسپتال لے جایا گیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔ شہید پولیس کانسٹیبل کی شناخت کانسٹیبل سیف الرحمان کے نام سے ہوئی ہے۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور سیکیورٹی فورسز جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔

ایم پی اے سردار آغاز اکرام اللہ خان گنڈا پور خود گھر پر نہیں تھے جبکہ ان کے چھوٹے بھائی سردار آریز خان سمیت اہل خانہ گھر پر تھے۔ ڈی پی او کے مطابق حملہ دو نامعلوم مسلح موٹر سائیکل سواروں نے کیا۔

واضح رہے کہ یہ گھر ایم پی اے سردار آغاز خان گنڈا پور کا آبائی گھر تھا، ایم پی اے آغاز سابق صوبائی وزیر شہید سردار اکرام اللہ خان گنڈا پور کے والدکو الیکشن کے دوران ان کی گاڑی پر خودکش حملے میں شہید ہوئے تھے، سابق صوبائی وزیر شہید سردار اسرار اللہ خان گنڈا پور انکے چچا ایم پی اے کو عید کے دن اسی گھر میں خودکش حملے میں شہید ہو گئے تھے جہاں یہ واقعہ پیش آیا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں