شدید بارشوں کے باعث ایشیا کپ کے کولمبو میں ہونے والے میچز کا وینیو تبدیل کرنے پرغور شروع کردیا گیا، انھیں دمبولا یا پالی کیلے منتقل کرنے کی اطلاعات سامنے آرہی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق ایشیا کپ کا ایونٹ پاکستان اور سری لنکا میں کھیلا جارہا ہے مگر کینڈی میں ہونے والی بارش کے باعث پاکستان اور بھارت کا اہم میچ بے نتیجہ ختم ہوگیا تھا، اب بھارتی میڈیا نے اطلاع دی ہے کہ شدید بارشوں کے باعث کولمبو کا وینیو تبدیل کرنے پرغور کیا جارہا ہے۔
بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ کولمبو میں شیڈول میچز دمبولا یا پالی کیلے منتقل کیے جا سکتے ہیں، ایشین کرکٹ کونسل نے ممبر بورڈز کا اہم اجلاس طلب کرلیا ہے۔
ایشین کرکٹ کونسل کی جانب سے آئندہ 24 سے 48 گھنٹے کے دوران وینیو کی تبدیلی کے حوالے سے اہم فیصلہ سامنے آنے کا امکان ہے۔
واضح رہے کہ بھارت نے پاکستان کو میچ جیتنے کے لیے 267 رنز کا ہدف دیا تھا لیکن بارش کے باعث دوسری اننگز میں کھیل شروع نہ ہوسکا جس کی وجہ سے میچ بے نتیجہ ختم کیا گیا۔
دونوں ٹیموں کو ایک، ایک پوائنٹ دیا گیا ہے جس کے بعد پاکستان نے سپر فور مرحلے کے لیے کوالیفائی کرلیا ہے۔