بھارت کے ورلڈ کپ کے لیے ابتدائی اسکواڈ میں تجربہ کار آف اسپنر روی چندرن ایشون جگہ نہ پا سکے لیکن کپتان روہت شرما کہتے ہیں کہ وہ ہماری ورلڈ کپ مہم کی دوڑ میں شامل ہیں۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق آئندہ ماہ کرکٹ کے سب سے بڑے میلے آئی سی سی ون ڈے ورلڈ کپ کے لیے میزبان بھارت نے جب اپنے ابتدائی اسکواڈ کا اعلان کیا تو اس میں تجربہ کار آف اسپنر روی چندرن ایشون کا نام شامل نہیں تھا اور انڈین سلیکٹرز نے آل راؤنڈر جدیجہ اور اکسر پٹیل کے ساتھ کلدیپ یادو کو ماہر اسپنر کے طور پر شامل کیا۔
تاہم کولمبو میں اکشر پٹیل کے انجری کا شکار ہوئے تو بھارت نے اس کی جگہ نوجوان اسپنر واشنگٹن سندر کو ٹیم میں شامل کیا لیکن سراج کی تباہ کن بولنگ کی وجہ سے صرف 15.2 اوورز میں سری لنکا ٹیم ڈھیر ہونے کی وجہ سے نو آموز بولر کو آزمانے کا موقع نہ مل سکا۔
فائنل جیتنے کے بعد میڈیا سے گفتگو میں بھارتی کپتان روہت شرما نے اکشر پٹیل کی انجری کے باعث ایشون کے حوالے سے سوال کے جواب میں کہا کہ ایشون تجربہ کار کھلاڑی ہیں اور ایک اسپنر آل راؤنڈر کے طور پر وہ ہمارے لیے ورلڈ کپ کی دوڑ میں شامل ہیں۔
انہوں نے کہا کہ واشنگٹن کی شمولیت کا مطلب ایشون کو نظر انداز کرنا نہیں۔ ایشیا کپ کے فائنل سے کچھ وقت قبل ہی اکشر کو انجری ہوئی جس کی وجہ سے فوری دستیاب واشنگٹن کو ٹیم میں شامل کیا کیونکہ وہ ایشیا کپ کے اسکواڈ کا حصہ تھا۔
بھارتی کپتان نے کہا کہ میں ٹیم میں کھلاڑیوں کے ساتھ ان کے کردار کے بارے میں بہت واضح ہوں اور ورلڈ کپ کے لیے ٹیمیں 28 ستمبر تک اپنے اسکواڈ میں تبدیلیاں کر سکتی ہیں۔
روہت شرما نے شریاس آئر جو ایشیا کپ فائنل کی الیون میں شامل نہیں تھے ان کی فٹنس کے حوالے سے کہا کہ وہ 99 فیصد ٹھیک ہے اور نیٹ میں اچھی پریکٹس کی ہے۔
بھارت ورلڈ کپ سے قبل رواں ماہ کے آخر میں تین میچوں کی ون ڈے سیریز میں آسٹریلیا کی میزبانی کرے گا جس کے بعد دونوں ٹیمیں 8 اکتوبر کو چنئی میں اپنے ورلڈ کپ کے افتتاحی میچ میں دوبارہ ٹکرائیں گی۔
واضح رہے کہ تجربہ کار آل راؤنڈر روی چنن ایشون نے اپنا آخری ایک روزہ میچ گزشتہ سال 2022 میں کھیلا تھا جس کے بعد سے وہ بھارتی ٹیم کا حصہ نہیں ہیں۔