ایشیا کپ کے فائنل میں نا قابل فراموش کارکردگی پر ہر بھارتی خوش ہے ایسے میں دہلی ٹریفک پولیس نے میچ کے ہیرو محمد سراج کو انوکھا تحفہ دیا۔
ایشیا کپ کے گزشتہ روز تاریخی فائنل میں بھارت نے یکطرفہ مقابلے کے بعد آٹھویں بار ایشین چیمپئن ہونے کا اعزاز حاصل کر لیا۔ بھارت کو یہ اعزاز دلوانے میں سب سے اہم کردار نوجوان فاسٹ بولر محمد سراج کا رہا جس کی خطرناک بولنگ کے سامنے سری لنکا کی بیٹنگ ریت کی دیوار ثابت ہوئی۔
بھارتی پیسر نے ایک ہی اوور میں چار کھلاڑیوں کو پویلین بھیج کر دفاعی چیمپئن کی لنکا ڈھائی اور میچ میں مجموعی طور پر 6 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ ان کی اس قابل فخر کارکردگی پر جہاں دنیائے کرکٹ میں واہ واہ ہو رہی ہے وہیں بھارتی بھی انتہائی مسرور ہیں۔ ایسے میں دہلی پولیس نے سراج کو انوکھا تحفہ دے ڈالا۔
سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ایکس (سابق ٹوئٹر) پر دہلی پولیس کے آفیشل اکاؤنٹ سے ایک تہنیتی پیغام پوسٹ کیا گیا جس میں لکھا تھا کہ آج دہلی میں ہم سراج کا اوور اسپیڈنگ پر چالان نہیں کریں گے۔
دہلی پولیس کے اس ٹویٹ پر پیسر نے ردعمل دیتے ہوئے ہنستے ہوئے ریپلائی کیا اور شکریہ ادا کیا۔
Hahaha thank you ???? https://t.co/yv5R6ZOCLS
— Mohammed Siraj (@mdsirajofficial) September 17, 2023
واضح رہے کہ دہلی پولیس کے اس پیغام کا مقصد انہیں کسی ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر کوئی چھوٹ دینا نہیں بلکہ فائنل میں اپنی بولنگ کی جس رفتار سے سری لنکن بیٹنگ کو تہس نہس کیا اس کے لیے علامتی طور پر یہ کہا کہ اگر آپ آج تیز رفتاری سے گاڑی چلاتے ہوئے پکڑے گئے تو ہم آپ کا چالان نہیں کریں گے۔
بھارتی پیسر سراج نے میچ کے بعد کیسے لوگوں کا دل جیتا؟
نوجوان انڈین پیسر کی اس شاندار کارکردگی پر سابق اور موجودہ کرکٹرز پر انہیں مستقبل کا بہترین فاسٹ بولر قرار دے رہے ہیں۔