اسلام آباد: وزیر پیٹرولیم محمد علی نے کہا ہے کہ بجلی کے بل کی قیمت ہرسال ایک بار بڑھائی جاتی ہے، بجلی یونٹ کی اوسط قیمت 42 روپے ہے۔
وفاقی وزیر پیٹرولیم محمدعلی کا سینیٹ میں اظہارخیال کرتے ہوئے کہنا تھا کہ بجلی کے بل میں فیول ایڈجسٹمنٹ ہر 3 ماہ بعد ہوتی ہے۔ بجلی یونٹ کی اوسط قیمت 42 روپے ہے، 90 روپے کی بات درست نہیں ہے۔
وزیرپیٹرولیم نے کہا کہ بجلی کی قیمت میں اضافے کی وجہ ماضی کے معاہدے اور چوری ہے۔ ڈیڑھ ماہ کے دوران لائن لاسز اور خسارہ کم ہوا ہے،
محمدعلی کا کہنا تھا کہ گیس سیکٹر کا خسارہ 2100 ارب ہوگیا۔ گیس کی قیمت بڑھانا آئی ایم ایف معاہدے اور ملک کے لیےضروری تھا،
انھوں نے کہا کہ گیس کی قیمت نہ بڑھائی تو 400 ارب روپے سالانہ مزید جمع ہوتا جائے گا۔ سوئی سدرن اور ناردرن کا مجموعی نقصان 858 ارب روپے تک جا پہنچا ہے۔
وفاقی وزیرپیٹرولیم محمدعلی نے کہا کہ ہم نے عوام پر صرف 400 ارب روپے کا بوجھ ڈالا ہے۔ 70 فیصد عوام مہنگی سلنڈر گیس استعمال کر رہے ہیں۔