معروف گلوکارہ میشا شفیع نے ہتکِ عزت کے مقدمے میں عدالت کے فیصلے کے بعد سوشل میڈیا پر ردِعمل دے دیا۔
میشا شفیع نے انسٹاگرام اسٹوریز کے ذریعے خواتین کے حوصلے اور خودمختاری سے متعلق پیغامات اور شاعری شیئر کی، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ وہ اس مرحلے کو ایک ذاتی آزمائش سمجھتے ہوئے اب اپنی توجہ خود کو سنبھالنے اور آگے بڑھنے پر مرکوز کر رہی ہیں۔
میشا شفیع کے مطابق وہ اس تجربے سے گزر چکی ہیں اور اب شفا کے سفر کی جانب بڑھ رہی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ سچ بولنا ہی ان کی اصل کامیابی ہے اور وہ اپنے کام کے ذریعے خود کو مزید مضبوط بنائیں گی۔
واضح رہے کہ یہ تنازع تقریباً آٹھ سال قبل اس وقت شروع ہوا جب انہوں نے علی ظفر پر ہراسانی کے الزامات عائد کیے تھے، جس کے بعد دونوں کے درمیان طویل قانونی جنگ جاری رہی۔
حالیہ عدالتی فیصلے میں علی ظفر کے حق میں فیصلہ آیا ہے، جبکہ میشا شفیع کو ہرجانے کے طور پر 50 لاکھ روپے ادا کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔




