بھارتی ریاست بہار کے وزیراعلیٰ نتیش کمار کی جانب سے مسلم خاتون کے نقاب کی بے حرمتی کرنے پر امیر جماعت اسلامی حافط نعیم الرحمان نے مسلم ممالک سے بڑا مطالبہ کر دیا۔
امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے بیان میں کہا ہے کہ دنیا کی سب سے بڑی جمہوریت کا دعویدار بھارت ایک فسطائی ریاست بن چکا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ کسی غنڈے یا بدمعاش نے چوری چھپے نہیں بلکہ ایک صوبے کے وزیر اعلیٰ نے پوری دنیا کے سامنے ایک مسلمان خاتون ڈاکٹر کے چہرے سے نقاب اتارنے کی کوشش کی، جو انتہائی افسوسناک اور قابلِ مذمت عمل ہے۔
حافظ نعیم نے کہا کہ یہ واقعہ اسلام دشمنی، مسلم دشمنی اور ہندوتوا کی ذہنیت کا کھلا اظہار ہے۔ انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حکومتِ پاکستان نے تاحال اس مکروہ واقعے کی کھل کر مذمت نہیں کی، انہوں نے مطالبہ کیا کہ تمام مسلم ممالک کم از کم بھارتی سفیر کو طلب کر کے اس واقعے پر احتجاج ریکارڈ کروائیں۔
حافظ نعیم الرحمان نے مزید کہا کہ پورے عالمِ اسلام کو اس معاملے پر بھارت کی بھرپور مذمت کرنی چاہیے اور مسلمانوں کے مذہبی حقوق کے تحفظ کے لیے مؤثر آواز اٹھانی چاہیے۔















