شہرِ قائد میں اسٹریٹ کرائم کا ایک اور افسوسناک واقعہ سامنے آ گیا، فیڈرل بی ایریا عزیز آباد میں ضعیف خاتون کو لوٹ لیا گیا۔ واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج منظرِ عام پر آ گئی جس میں ملزمان کو با آسانی فرار ہوتے دیکھا جا سکتا ہے۔
سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایک ضعیف خاتون اسکول یونیفارم پہنے دو بچوں کے ساتھ سڑک پر موجود ہیں کہ اسی دوران دو موٹر سائیکل سوار ملزمان وہاں پہنچے۔ ملزمان نے پہلے خاتون سے پتا پوچھنے کا بہانا کیا اور باتوں میں الجھا کر ایک ملزم نے اچانک خاتون کے گلے سے زیور کھینچ لیا۔
سی سی ٹی وی مناظر میں دیکھا جا سکتا ہے کہ واردات کے بعد ملزمان تیزی سے فرار ہو گئے جبکہ ضعیف خاتون اور دونوں بچے شدید خوفزدہ حالت میں کھڑے رہ گئے۔
پولیس کے مطابق متاثرہ خاتون سے رابطے کی کوششیں کی جا رہی ہیں، تاہم تاحال کسی قسم کی شکایت درج نہیں کرائی گئی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے ملزمان کی شناخت اور گرفتاری کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
Source link















