11

گیس بحران، حکومت کا گھریلو صارفین کیلیے مزید کٹوتیوں پر غور


اسلام آباد:

ایران اور امریکا کے درمیان کشیدگی کے باعث توانائی کی عالمی ترسیل متاثر ہونے سے پاکستان میں گیس بحران شدت اختیار کر گیا ہے، جس کے پیش نظر حکومت گھریلو صارفین کے لیے گیس کی مزید کٹوتیوں پر غور کر رہی ہے۔

ذرائع کے مطابق توانائی سے متعلق قائم کمیٹی کے حالیہ اجلاس میں گیس راشن بندی کی تجویز پیش کی گئی، تاہم وفاقی وزرا نے اس کی سخت مخالفت کرتے ہوئے کہاکہ اقدام سے عوام میں بے چینی پھیل سکتی اور سیاسی نقصان کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے، حکومت پہلے ہی عوامی ردعمل سے بچنے کیلئے پیٹرول پر عائد 160 روپے فی لیٹر لیوی میں کمی کر چکی ہے۔

اس وقت گھریلو صارفین کو صرف کھانا پکانے کے اوقات میں گیس فراہم کی جا رہی ہے، تاہم حکام ایک گھنٹہ مزید کمی پر غور کر رہے ہیں۔

ذرائع کے مطابق قطر سے ایل این جی کی فراہمی معطل ہونے کے باعث ملک میں گیس بحران مزید سنگین ہو گیا ہے، ایک ایل این جی ٹرمینل پہلے ہی بند ہے جبکہ دوسرا بھی محدود گیس فراہم کرنے کے بعد بند ہو چکا ہے۔

اجلاس میں یہ بھی بتایا گیا کہ سی این جی اسٹیشنز کیلئے گیس دستیاب نہیں، جبکہ مقامی گیس کی فراہمی پہلے ہی قلت کے باعث محدود کی جا چکی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں وزیر خوراک نے کھاد کی قلت کے خدشے کے پیش نظر گیس کو گھریلو صارفین سے ہٹا کر فرٹیلائزر پلانٹ کو دینے کی تجویز دی، تاہم دیگر وزرا نے اس کی مخالفت کی۔

دوسری جانب گرمیوں میں بجلی کی طلب بڑھنے سے ایل این جی کی ضرورت میں بھی اضافہ متوقع ہے، جبکہ عالمی منڈی میں ایل این جی کی قیمتیں بھی فرنس آئل کے برابر پہنچ چکی ہیں۔





Source link

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں