اسلام آباد ہائیکورٹ نے ڈگری کیس کے حوالے سے دائر جسٹس طارق جہانگیری کی 3 درخواستوں کو سماعت کیلیے مقرر کرلیا۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق جسٹس طارق جہانگیری کی تین درخواستوں کو کل سماعت کے لئے مقرر کیا گیا اور رجسٹرار آفس نے اعتراضات کے ساتھ درخواستیں سماعت کے لئے مقرر کیں۔
رجسٹرار کی جانب سے جاری روسٹر کے مطابق چیف جسٹس سرفراز ڈوگر اور جسٹس اعظم خان کل سماعت کریں گے جبکہ جسٹس جہانگیری ڈگری کیس بھی کل ڈویژن بینچ میں سماعت کے لئے مقرر ہے۔
قبل ازیں اسلام آباد ہائی کورٹ کے جج جسٹس طارق جہانگیری نے چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ کے بینچ سے الگ ہونے سے متعلق ہائی کورٹ میں درخواست دائر کی جس میں انہوں نے اہم انکشافات کیے۔
جسٹس طارق جہانگیری نے چیف جسٹس سرفراز ڈوگر پر کوڈ آف کنڈکٹ کی خلاف ورزی کا الزام لگایا اور دعویٰ کیا کہ چیف جسٹس نے چند دیگر لوگوں کے علاوہ میرے ساتھ ڈگری کیس ڈسکس کیا۔
جسٹس طارق جہانگیری نے درخواست میں دعویٰ کیا کہ چیف جسٹس سرفراز ڈوگر نے ملنے والے شدید دباؤ کو تسلیم کیا اور بتایا کہ ڈگری کیس جلد سننے کا ان پر پریشر ہے، چیف جسٹس نے مجھے بلواسطہ اور بلا واسطہ تجویز دی اور کہا کہ میں پوسٹ ڈیٹ استعفی دے دوں۔
مزید پڑھیں: جسٹس طارق جہانگیری کے اہم انکشافات، چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ پر مس کنڈکٹ کا الزام
جسٹس طارق جہانگیری نے کہا کہ مجھے چیف جسٹس نے تجویز کیا میں استعفی دیکر چیف جسٹس کے حوالے کر دوں تاکہ اُن پر دباؤ کم ہوجائے گا۔ طارق جہانگیری نے اپنی درخواست میں لکھا کہ جسٹس کی جانب سے زیر التوا معاملے پر بات چیت کے بعد وہ بینچ میں بیٹھنے کے اہل نہیں رہے۔















