2

امریکا میں نوزائیدہ بچوں کا ایک فارمولا دودھ مضر صحت قرار؛ ایف ڈی اے کا انتباہ

امریکا میں نومولود بچوں میں بڑھتی ہوئی ایک مضر بیماری کی وجہ ایک فارمولا دودھ کو قرار دیا گیا ہے اور اس حوالے سے ایف ڈی اے نے ملک کے بڑے اسٹورز کو انتباہ بھی جاری کر دیا۔

امریکا میں نوزائیدہ بچوں کی صحت سے متعلق ایک سنگین اور تشویشناک خبر سامنے آئی ہے جس پر امریکی فوڈ اینڈ ڈرگ ایڈمنسٹریشن (FDA) نے ایک فارمولا دودھ فروخت کرنے پر کارروائی کا عندیہ دیدیا۔

ایف ڈی اے کے مطابق اس فارمولا دودھ کی وجہ سے 10 دسمبر تک 19 ریاستوں کے 51 بچوں میں انفنٹ بوٹولزم کے مشتبہ یا تصدیق شدہ کیسز رپورٹ ہوئے۔ جس کے باعث تمام بچوں کو اسپتال میں داخل کرنا پڑا تھا۔ خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا تاہم اس وبا کی تحقیقات تاحال جاری ہیں۔

امریکی ڈرگ ایجنسی نے عالمی شہرت یافتہ سپر اسٹورز کارگر، والمارٹ، ٹارگٹ اور البرٹ سنز سمیت متعدد بڑے ریٹیل اسٹورز کو انتباہی خطوط جاری کیے ہیں کیونکہ وہاں بچوں کا وہی فارمولا دودھ فروخت ہو رہا تھا جسے پہلے ہی واپس اُٹھانے کے احکامات جاری کیے گئے تھے۔

اس فارمولا دودھ کو اُٹھانے کی ہدایت ان ٹھوس شواہد کے سامنے آنے کے بعد کی گئی تھی جس میں اس فارمولا دودھ سے بچوں میں انفنٹ بوٹولزم کی وبا پھوٹنے کی تصدیق ہوئی تھی۔

یہ فارمولا دودھ ایک کمپنی بائے ہارٹ کا تھا جسے انفنٹ بوٹولزم کے پھیلاؤ سے جوڑا جا رہا ہے اور کمپنی کے بقول گزشتہ ماہ اپنے تمام انفنٹ فارمولا مصنوعات (ڈبے اور سنگل سروس اسٹکس) واپس اٹھالیے لیے تھے۔

انفنٹ بوٹولزم کیا ہے؟

انفنٹ بوٹولزم ایک نایاب مگر انتہائی خطرناک بیماری ہے، جو اس وقت لاحق ہوتی ہے جب بچہ Clostridium botulinum نامی بیکٹیریا کے جراثیمی ذرات نگل لیتا ہے۔ یہ بیکٹیریا آنتوں میں زہریلے مادے پیدا کرتا ہے۔

جس سے بچوں میں قبض، شدید کمزوری، سانس لینے میں دشواری، دودھ پینے میں مسئلہ سمیت گردن اور سر کو سنبھالنے میں ناکامی کی شکایات پیدا ہوتی ہیں۔ بعض صورتوں میں سانس بند ہونے کا خدشہ بھی ہوتا ہے۔

عام طور پر امریکا میں ایک سال میں 200 سے کم کیسز رپورٹ ہوتے ہیں اس لیے یہ پھیلاؤ غیر معمولی سمجھا جا رہا ہے۔

اسٹورز نے دودھ کیوں نہیں ہٹایا؟

FDA کا کہنا ہے کہ اس نے ریٹیلرز کو بار بار مطلع کیا، یہاں تک کہ کئی ای میلز کے ذریعے عملی اقدامات کا منصوبہ مانگا، مگر کسی کمپنی نے جواب نہیں دیا۔

انسپکٹرز نے 4 ہزار سے زائد بار دکانوں کا معائنہ کیا اور 36 ریاستوں میں 175 سے زائد مقامات پر واپس اُٹھایا گیا فارمولا فروخت ہوتا پایا گیا۔

ایک Target اسٹور میں تو یہ فارمولا رعایتی قیمت پر فروخت ہو رہا تھا، جو صورتحال کو مزید سنگین بنا دیتا ہے۔

ایف ڈی اے کمشنر ڈاکٹر مارٹی میکری نے کہا کہ خوراک کی حفاظت سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ بچوں کی جانوں کے تحفظ کے لیے سپلائی چین میں شامل ہر فریق کو فوری اور محتاط کارروائی کرنا ہوگی۔

ان سپر اسٹورز کو 15 دن کے اندر وضاحت پیش کرنے کی ہدایت کی ہے۔

ایف ڈی اے نے والدین سے بھی اپیل کی ہے کہ اگر ان کے پاس ByHeart انفنٹ فارمولا موجود ہے تو فوراً استعمال بند کریں۔

علاوہ ازیں بچے میں قبض، کمزوری یا دودھ نہ پینے جیسی علامات ہوں تو فوراً ڈاکٹر سے رجوع کریں۔





Source link

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں