صبا راشد نن چکو کیٹیگری میں پاکستان کے لیے عالمی ریکارڈ بنانے والی پہلی مارشل آرٹس کھلاڑی بن گئیں۔
تفصیلات کے مطابق ایک منٹ میں نن چکو سے فیگر آف ایتھ بنانے کا عالمی ریکارڈ منظور کرلیا گیا۔ صبا راشد نے 120 کے مقابلے میں 138 مرتبہ نن چکو کو مہارت سے گھمایا۔

اس سے پہلے انہوں نے بھارت کے لیے سب سے زیادہ عالمی ریکارڈ بنانے والی کرن اونیال کو شکست دی تھی۔
گنیز ورلڈ ریکارڈ نے یہ ریکارڈ نیو کیٹیگری میں اپنی ویب سائٹ پر اوپن کیا تھا۔
گنیز ورلڈ ریکارڈ نے ویب سائٹ پر صبا راشد کے ریکارڈ کی تفصیلات جاری کرتے ہوئے ایک ای میل کے ذریعہ منظوری بھی ظاہر کر دی۔
صباراشد اس سے پہلے ایلبو اسٹرائیک کا ریکارڈ پاکستان کے نام کر چکی ہیں۔ انہوں نے 3 منٹ میں 680 کہنیوں کے وار کر کے بھارت کی کرن اونیال کو شکست دی تھی۔
صبا راشد کا مجموعی طور پر یہ دوسرا عالمی ریکارڈ ہے۔
واضح رہے کہ صبا راشد پاکستان کے لیے سب سے زیادہ عالمی ریکارڈز بنانے والے راشد نسیم کی اہلیہ ہیں۔

راشد نسیم کی صاحبزادی فاطمہ کو پاکستان کے لیے فیمیل کیٹیگری میں 8 عالمی ریکارڈ بنانے کا اعزاز حاصل ہے جبکہ راشد نسیم کے صاحبزادے صرف 6 سال کی عمر میں پاکستان کو عالمی اعزاز دلوا چکے ہیں۔
راشد نسیم کے والد بھی پاکستان کے لیے کئی گنیز ورلڈ ریکارڈز بنا چکے ہیں۔
صبا راشد کا کہنا تھا کہ شوہر، بیٹے، بیٹی اور سسر نے بھی عالمی ریکارڈز بنائے، ان کو دیکھ کر میرے اندر بھی عزم اور محنت کا جذبہ بیدار ہوا، میں نے اپنی لگن اور جہدوجہد سے دوسری عالمی کامیابی پائی، یہ میرے لیے ہی نہیں بلکہ پورے پاکستان کی خواتین کے لیے عظیم کامیابی ہے۔
انہوں نے کہا کہ راشد نسیم اکیڈمی کے متعدد شاگرد بھی عالمی ریکارڈ ہولڈر ہیں۔ مجھے بھی شوق ہوا کہ عالمی ریکارڈ بناؤں، تاہم حکومتی سطح پر پزیرائی کے لیے انتظار ہے، آج تک حکومتی سطح پر رابطہ نہیں کیا گیا۔
صبا راشد نے کہا کہ پہلے بھارت کا ریکارڈ توڑا تھا لیکن جب بھی کوئی پزیرائی نہ ملی۔ امید ہے کہ ارباب اختیار توجہ دیں گے، اگر سرکاری سرپرستی مل جائے تو مزید کئی عالمی ریکارڈز قائم کر سکتی ہوں۔















