پاکستان ویمنز فٹبال ٹیم ملکی تاریخ میں پہلی بار فیفا سیریز کھیلنے کیلئے کل پیر کو آٸیوری کوسٹ روانہ ہوگی۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان وویمنز ٹیم کی فیفا سیریز میں پہلی بار شمولیت کا فیصلہ گزشتہ سال کلب ورلڈ کپ کے موقع پر پاکستان فٹبال فیڈریشن کے صدر سید محسن گیلانی اور فیفا صدر جیانی انفینٹینو کے درمیان ہونے والی اہم ملاقات میں کیا گیا جس میں پاکستان میں فٹبال خصوصاً خواتین فٹبال کی ترقی پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا تھا۔
فیفا سیریز 9 سے 16 اپریل تک جاری رہے گی جس میں پاکستان اپنا پہلا میچ 9 اپریل کو ٹرکس اینڈ کیکوس آئی لینڈز کے خلاف کھیلے گا، دوسرا میچ 12 اپریل کو موریطانیہ جبکہ آخری گروپ میچ 16 اپریل کو میزبان آٸیوری کوسٹ کیخلاف ہوگا۔
پی ایف ایف کے صدر سید محسن گیلانی نے ٹیم کے مستقبل پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان کی قیادت میں پاکستان میں فٹبال کے فروغ اور طویل المدتی ترقی کے لیے مثبت اقدامات کیے جائیں گے۔
پاکستانی اسکواڈ میں گول کیپرز میں زیانا جیو راج، نشا اشرف، آرزو ہزارہ، ڈیفنڈرز میں اسرا خان، عنایہ احمد، انمول ہیر، کیلا صدیقی، کریسا جیو راج، عالیہ صادق، ماریہ خان، نزالیا صدیقی، مڈ فیلڈرز میں سہا ہیرانی، رمین فرید، لیلہ بنارس، ثنا مہدی، ذہمنہ ملک، فارورڈز میں مریم محمود، اقصیٰ مشتاق، ایمن الطاف، نادیہ خان، مریم زہری، ازویٰ چوہدری شامل ہیں۔





