کراچی:
انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نمبر 6 نے چھالیہ کے 2 اسمگلرز کو مجموعی طور پر 35 سال قید کی سزا سنادی۔
کراچی سینٹرل جیل انسداد دہشت گردی کمپلیکس میں خصوصی عدالت نمبر 6 نے چھالیہ اسمگلنگ کرنے کے مقدمے کا فیصلہ سنادیا جس میں چھالیہ کے دو اسمگلرز کو مجموعی طور پر 35 سال قید کی سزا سنادی گئی۔
عدالت نے ملزمان امین اللہ اور سمیع اللہ کو مجموعی طور پر 2 لاکھ 80 ہزار فی کس جرمانہ بھی عائد کرنے کا حکم دیا۔ فیصلے کے فوراً بعد دونوں ملزم کو گرفتار کرلیا گیا۔
ملزمان کے خلاف کسٹم حکام نے یکم اپریل 2024ء کو موچکو تھانے میں مقدمہ درج کرایا تھا۔ پراسیکیوٹر کے مطابق حب سے کراچی چھالیہ اسمگل کرنے کی اطلاعات ملی تھیں، ملزمان کو ناردرن بائی پاس سے گرفتارکیا گیا تھا۔
ملزمان سے 70 بوری چھالیہ برآمد ہوئی، ملزمان کو لے کر موچکو کے قریب پہنچے تو وہاں 25 سے 30 مسلح لوگوں نے حملہ کیا، فائرنگ کے تبادلے میں ایک ملزم زخمی بھی ہوا، مسلح افراد گرفتار ملزمان کو چھڑانے میں کامیاب ہوگئے تھے، کچھ دن کے بعد دونوں ملزمان کو گرفتارکرلیا گیا تھا۔















