بالی ووڈ کے مسٹر پرفیکشنسٹ عامر خان نے انکشاف کیا ہے کہ ایک موقع پر انہیں لگا تھا کہ ان کے حریف سلمان خان اور شاہ رُخ خان ان کا کیرئیر ختم کر کے انہیں بالی ووڈ سے نکالنا باہر کرنا چاہتے تھے۔
مشہور فلم دنگل ریلیز کے بعد سب سے زیادہ ہٹ فلموں میں سے ایک تھی۔ اس میں عامر خان، فاطمہ ثنا شیخ، سانیا ملہوترا اور دیگر نے شاندار پرفارمنس دی اور خوب داد سمیٹی۔ اس فلم نے عامر کی ناقابل یقین جسمانی تبدیلی اور کردار کے لیے ان کی لگن کی وجہ سے بھی توجہ حاصل کی۔
تاہم دنگل اسٹار عامر خان نے حال ہی میں انکشاف کیا ہے کہ وہ ابتدائی طور پر اس فلم کو قبول کرنے میں ہچکچا رہے تھے اور انہیں شبہ تھا کہ شاہ رخ خان اور سلمان خان نے ان کے کیریئر کو سبوتاژ کرنے کے لیے ہدایت کار نتیش تیواری کو اس پروجیکٹ کی پیشکش لے کر ان کے پاس بھیج کر سازش کی ہے۔
ایک حالیہ انٹرویو میں عامر خان نے دنگل پر اپنے ابتدائی ردعمل کو یاد کرتے ہوئے بتایا کہ جب نتیش تیواری نے اسکرپٹ پڑھ کر سُنایا تو وہ فوری طور پر متاثر ہوئے اور اسے قبول کرنے کے لیے بے چین ہوگئے۔ تاہم دھوم 3 میں انہوں نے 9.67 فیصد جسمانی چربی کے ساتھ ایک دبلی پتلی اور فٹ جسامت بنائی تھی اس کے بعد خود کو 55 سالہ بڑھے ہوئے وزن کیساتھ چار بیٹیوں کے باپ کے طور پر تصور کرنا مشکل محسوس کیا۔
اداکار نے بتایا کہ کیونکہ ماضی میں تینوں ’خانز‘ کے درمیان اختلافات بھی رہے ہیں اس لئے دنگل کے کردار کیلئے درکار سخت جسمانی تبدیلی نے انہیں سوچنے پر مجبور کردیا اور انہیں شک ہوا کہ سلمان خان اور شاہ رُخ خان نے ان کا بالی ووڈ کیرئیر ختم کرنے اور انہیں انڈسٹری سے باہر نکال پھینکنے کیلئے ایک بوڑھے باپ کے کردار کی آفر بھیجوائی ہے۔
ابتدائی طور پر عامر نے نتیش تیواری سے کہا کہ وہ فلم کو مزید 10-15 سال کے لیے روک دیں، کیونکہ یہ کردار بعد کے مرحلے میں ان کے لیے بہتر ہوگا۔ تاہم فلمساز عامر خان کے ہی ساتھ فلم بنانے پر بضد تھے۔
اداکار نے کہا کہ مگر اس فلم کی زبردست کہانی نے انہیں اس قدر متاثر کیا کہ وہ اسے دماغ سے نکال نہ سکے اور فیصلہ کیا کہ وہ فلم کریں گے اور اگر یہ فلم ان کے کیرئیر کی آخری فلم ثابت ہوئی تو ایسا ہی صحیح۔