کوئٹہ:
کوئٹہ: جمہوری وطن پارٹی کے رہنما نوابزادہ گہرام بگٹی کو پولیس نے ڈیرہ بگٹی کے بگٹی ہاؤس سے گرفتار کرلیا۔
نوابزادہ گہرام بگٹی نے بلوچستان حکومت کے خلاف آج لانگ مارچ کا اعلان کیا تھا۔
ڈپٹی کمشنر ڈیرہ بگٹی نے نوابزادہ گہرام بگٹی کی گرفتاری کے لئے تھری ایم پی او کے تحت احکامات جاری کیے۔ پولیس کی ٹیم نے بگٹی ہاؤس ڈیرہ بگٹی سے بغیر کسی مزاحمت کے نوابزادہ گہرام بگٹی کو حراست میں لے لیا۔
ایس ایس پی ڈیرہ بگٹی کے مطابق نوابزادہ گہرام بگٹی کو تیس روز کے لیے جیل منتقل کیا جائے گا۔
جمہوری وطن پارٹی کے رہنما نوابزادہ شازین بگٹی نے کہا ہے کہ نوابزادہ گہرام بگٹی کی گرفتاری کو عدالت میں چیلنج کریں گے اور اس کے بعد اپنے وکلاء کے مشورے سے آئندہ کا لائحہ عمل طے کریں گے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے گہرام بگٹی کی گرفتاری کے بعد ڈیرہ بگٹی میں قلعہ کے باہر مجمع سے بات چیت کرتے ہوئے کیا ۔