15

کراچی میں گاڑی پر ٹکر کے بعد ٹریلر ڈرائیور پر فائرنگ کرنے والی خاتون جیل منتقل


کراچی:

شہر قائد کے علاقے عیسیٰ نگری پر حادثے کے بعد مشتعل ہوکر ٹریلر ڈرائیور پر فائرنگ کرنے والی خاتون کو عدالت نے جیل بھیج دیا۔

تفصیلات کے مطابق پی آئی بی کالونی کے علاقے عیسیٰ نگری کٹ پر ٹریلر کی گاڑی کو ٹکر لگنے سے گاڑی سوار خاتون نے اسلحہ نکال کر ہوائی فائرنگ کر دی۔

 پولیس نے موقع پر پہنچ کر ٹرک ڈرائیور اور خاتون کو اسلحے سمیت تھانے منتقل کر کے سرکار کی مدعیت میں مقدمہ درج کرلیا۔

 مدعی مقدمہ اے ایس آئی شیر احمد کے مطابق علاقہ گشت پر مامور تھا کہ جمعے کی رات ایک بجے کے قریب عیسیٰ نگری کٹ کے قریب ٹریلر اور گاڑی دونوں تیز رفتاری سے گاڑی چلا رہے تھے اور اس دوران ٹریلر نے غفلت و لاپروائی سے آگے نکلنے کی کوشش کی اور اس دوران ٹریلر کی ٹکر سے گاڑی کو نقصان ہوا۔

 اس دوران گاڑی سے ایک خاتون اتری اور انھوں نے طیش میں آکر گاڑی کے اندر سے پستول نکال کر ہوائی فائرنگ کر دی ، مدعی کے مطابق اس دوران وہ اپنے دیگر پولیس اہلکاروں کے ہمراہ ٹرک ڈرائیور کو پکڑا جس نے اپنا نام ظفر اقبال بتایا بعدازاں خاتون جس کا نام علیشہ معلوم ہوا اور اس کے قبضے سے ایک نائن ایم ایم پستول برنگ سیاہ لوڈ میگزین 9 زندہ راؤنڈ جبکہ خاتون سے لائسنس طلب کرنے پر انھوں ںے موقع پر پیش کیا جسے پولیس نے اپنے قبضے میں لیکر دونوں گاڑیوں اور خاتون سمیت ٹرک ڈرائیور کو تھانے منتقل کر دیا۔

 مدعی کے مطابق ڈرائیور ظفر اقبال کا غفلت و لاپروائی سے گاڑی چلانے کا فعل بجرم دفعات 279 اور 427 جبکہ خاتون علیشہ کا ہوائی فائرنگ کرنے کا فعل زیر دفعہ 337 ایچ ٹو ہونا قرار پایاْ

پی آئی بی کالونی پولیس نے مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش کے لیے انویسٹی گیشن پولیس کے حوالے کر دیا اس حوالے سے ایس ایچ او پی آئی بی اشفاق نے بتایا کہ خاتون کے اسلحہ کا لائسنس کوئٹہ سے بنوا ہوا ہے جو کہ گزشتہ سال 2024 میں ایکسپائر ہوگیا تھا۔

انویسٹی گیشن پولیس نے خاتون اور ڈرائیور کو عدالت میں پیش کیا تھا جنھیں جیل بھیج دیا ہے ۔





Source link

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں