برازیل میں ایک چھوٹے طیارے کے پائلٹ نے انجن فیل ہونے پر مصروف ہائی وے پر زبردست اور مہارت کے ساتھ ایمرجنسی لینڈنگ کرکے بڑا حادثہ ہونے سے بچا لیا۔
یہ واقعہ برازیل کی جنوبی ریاست سانتا کیٹارینا کے شہر گارامیریم کے قریب پیش آیا جہاں پائلٹ نے انتہائی مہارت کے ساتھ ٹریفک سے بھرے ہائی وے پر جہاز کو لینڈ کروایا۔
تفصیلات کے مطابق، 29 سالہ پائلٹ میٹیوس رینان کالاڈو اور 71 سالہ کاروباری شخص والمیرو جوز منیلا (جو طیارے کے مالک تھے) کوئٹا پائلٹ تھے۔
سنگل انجن پیلکن 500 بی آر طیارہ ہفتے کے روز دوپہر کے وقت مقامی ہوائی اڈے سے اڑان بھرنے کے فوراً بعد انجن فیل ہونے کی وجہ سے مشکلات کا شکار ہو گیا تھا۔
ویڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ پائلٹ نے بجلی کے تاروں اور گزرتی گاڑیوں سے بچتے ہوئے مصروف ہائی وے پر لینڈنگ کی۔
۔ ایک لمحے ایسا لگا کہ طیارہ ایک ٹینکر سے ٹکرا جائے گا، لیکن پائلٹ نے نہ صرف خود کو بلکہ ہائی وے پر موجود گاڑیوں کو بھی محفوظ رکھا۔
حادثے کے بعد طیارے کو ہائی وے سے ہٹا دیا گیا اور بعد میں اس کے پرزے الگ کرکے ٹرک پر لاد دیے گئے۔ پولیس نے تصدیق کی کہ اس واقعے میں کوئی زخمی نہیں ہوا۔
یہ منظر دیکھ کر شاہدین حیرت زدہ رہ گئے، کیونکہ پائلٹ نے انتہائی مشکل حالات میں بھی مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے بڑے سانحے کو ٹال دیا۔