کراچی میں پاکستان اسٹیل ملز کے برطرف ملازمین نے بن قاسم ریلوے ٹریک پر دھرنا دیدیا ہے،کراچی سے ٹرینوں کی آمد و رفت معطلی کاشکار ہے جس کے سبب مسافر کو شدید پریشان کا سامنا ہے۔
تفصیلات کے مطابق کراچی کے بن قاسم ریلوے ٹریک پر پاکستان اسٹیل ملز کے برطرف ملازمین کا احتجاجی دھرنا جاری ہے جس کے باعث ریلوے کا اپ اور ڈاؤن ٹریک مکمل طور پر بند ہو چکا ہے۔ ٹریک بند ہونے سے کراچی سے روانہ ہونے اور آنے والی متعدد ٹرینیں مختلف اسٹیشنز پر روک دی گئی ہیں۔
ہاتھوں میں بینرز تھامے مظاہرین نے شدید نعرے بلند کیے،دھرنے کے دوران سلیم خشک نامی شخص کی حالت غیر ہوئی جسے اسپتال منتقل کیا گیا مگر حالت تشویشناک ہونے کے باعث وہ جان سے ہاتھ دھو بیٹھا۔
ڈی سی او کراچی ریلوے کے مطابق کراچی کینٹ اسٹیشن پر تیزگام ایکسپریس، کراچی ایکسپریس اور دیگر ٹرینوں کے مسافروں کا شدید رش ہے۔ کئی ٹرینیں گھنٹوں سے تاخیر کا شکار ہو چکی ہیں، جس پر مسافروں نے ٹکٹ کی رقم واپس کرنے کا مطالبہ کیا۔
ریلوے انتظامیہ نے اعلان کیا ہے کہ چھ گھنٹے سے زائد تاخیر کا شکار ٹرینوں کے مسافروں کو ٹکٹ کی رقم واپس کی جائے گی۔ رحمان بابا ایکسپریس کو لانڈھی جبکہ پاکستان ایکسپریس کو ڈریگ روڈ اسٹیشن پر روک دیا گیا ہے اور ملت ایکسپریس و گرین لائن کے مسافر پیپری اسٹیشن سے پیدل روانہ ہونے پر مجبور ہو گئے۔
ریلوے انتظامیہ کی جانب سے دھرنا ختم کرانے کی کوششیں صبح سے جاری ہیں مگر تاحال کوئی کامیابی حاصل نہیں ہو سکی۔وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی نے وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ سے ٹیلیفونک رابطہ کر کے بن قاسم ریلوے ٹریک کلیئر کرانے میں تعاون کی درخواست کی۔
حنیف عباسی کے مطابق ٹرین آپریشن کئی گھنٹوں سے معطل ہے اور وزیر اعلیٰ نے مدد کی یقین دہانی کروائی ہے۔