235

ڈیرہ اسماعیل خان میں فائرنگ کا واقعہ، پولیس اہلکار اور شہری جاں بحق

ڈیرہ اسماعیل خان میں فائرنگ کا واقعہ، پولیس اہلکار اور شہری جاں بحق – گورنر خیبرپختونخوا کا اظہار تشویش

ڈیرہ اسماعیل خان (جمعہ، 18 اپریل): ڈیرہ اسماعیل خان کے نواحی علاقے موسیٰ زئی شریف کے قریب جمعہ کے روز فائرنگ کے ایک افسوسناک واقعے میں ہیڈ کانسٹیبل جاوید عالم چیمہ اور ایک مقامی شہری احسان اللہ عرف ’ہوٹل والا‘ جاں بحق ہو گئے۔

واقعہ اُس وقت پیش آیا جب تھانہ چودھوان کے ایس ایچ او غلام قاسم خان ایک عدالتی پیشی کے سلسلے میں سیشن کورٹ ڈیرہ اسماعیل خان جا رہے تھے۔ وہ ایک نجی گاڑی میں سوار تھے کہ جیسے ہی ان کی گاڑی موسیٰ زئی اڈہ کے قریب پہنچی، نامعلوم مسلح افراد نے ان پر اندھا دھند فائرنگ کر دی۔

فائرنگ کے نتیجے میں ہیڈ کانسٹیبل جاوید عالم موقع پر شہید ہو گئے، جبکہ گاڑی میں سوار شہری احسان اللہ شدید زخمی ہو گئے۔ زخمی شہری کو فوری طور پر ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتال منتقل کیا گیا، تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے۔ ایس ایچ او غلام قاسم فائرنگ کے اس واقعے میں محفوظ رہے۔

واقعے کے بعد سیکیورٹی فورسز نے فوری طور پر علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی مختلف زاویوں سے تحقیقات جاری ہیں، اور جلد ہی ملزمان کو گرفتار کر لیا جائے گا۔

دوسری جانب گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے ڈیرہ تھانہ چودھوان کی گاڑی پر فائرنگ کے واقعے پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اعلیٰ حکام سے فوری رپورٹ طلب کر لی ہے۔ انہوں نے فائرنگ کے واقعے میں پولیس اہلکار اور شہری کی شہادت پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے شہداء کے درجات کی بلندی اور لواحقین کے لیے صبر جمیل کی دعا کی۔

گورنر خیبرپختونخوا نے اس واقعے کو صوبائی حکومت کی امن و امان سے متعلق مجرمانہ چشم پوشی قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس قسم کے واقعات نہ صرف قانون نافذ کرنے والے اداروں کے لیے خطرہ ہیں بلکہ عوام میں عدم تحفظ کے احساس کو بھی بڑھا رہے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں