84

شاہ رخ خان ہالی ووڈ میں ’’سپر ہیرو‘‘ بننے والے ہیں؟

بالی ووڈ کے ’’کنگ خان‘‘ شاہ رخ خان کےلیے اب ہالی ووڈ کے دروازے کھلنے کے اشارے مل رہے ہیں۔ تازہ ترین افواہوں کے مطابق، کنگ خان مارول سنیماٹک یونیورس میں ایک سپر ہیرو کا کردار ادا کرنے کےلیے بات چیت کر رہے ہیں۔

یہ خبر ایکس (سابقہ ٹویٹر) پر مارول لیکس 22 نامی ایک قابل اعتماد سمجھے جانے والے ہینڈل سے سامنے آئی ہے، جس نے فلمی دنیا میں طوفان برپا کر دیا ہے۔

اگرچہ ابھی تک کسی بھی فریق کی طرف سے سرکاری تصدیق نہیں ہوئی، لیکن یہ افواہیں اس قدر مضبوط ہیں کہ انہوں نے ہالی ووڈ اور بالی ووڈ دونوں صنعتوں کی توجہ حاصل کرلی ہے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ یہ منصوبہ ایوینجرز: ڈومز ڈے سے متعلق نہیں ہے، بلکہ ممکنہ طور پر مارول یونیورس کے کسی نئے سپرہیرو کا تعارف ہوسکتا ہے۔

اس سے قبل انتھونی میکی، جو مارول میں نئے کیپٹن امریکا کا کردار ادا کر رہے ہیں، نے شاہ رخ خان کی تعریف کرتے ہوئے انہیں ’’بہترین‘‘ قرار دیا تھا۔ اسی طرح ڈاکٹر اسٹرینج کے ستارے بینیڈکٹ کمبر بیچ نے بھی شاہ رخ کی عالمی مقبولیت کو دیکھتے ہوئے ان کے مارول میں شامل ہونے کے خیال کی حمایت کی تھی۔

شاہ رخ خان کی عالمی سطح پر مقبولیت کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ ڈزنی پلس کی سیریز مسز مارول میں ان کی مشہور فلم ’’سوادیس‘‘ کا گانا ’’یہ جو دیس ہے تیرا‘‘ شامل کیا گیا تھا۔

دنیا کے سب سے زیادہ پہچانے جانے والے اداکاروں میں سے ایک ہونے کے باوجود، شاہ رخ نے اب تک ہالی وڈ میں کام نہیں کیا، لیکن اگر یہ کولابوریشن حقیقت بن جاتی ہے تو یہ نہ صرف ان کے کیرئیر کا ایک نیا موڑ ہوگا بلکہ پورے جنوبی ایشیائی سینما کے لیے ایک تاریخی لمحہ ثابت ہوگا۔

فی الحال، شائقین اور مداحین اس خواب کے پورے ہونے کا بے تابی سے انتظار کر رہے ہیں۔ کیا بالی ووڈ کا بادشاہ واقعی ہالی ووڈ کی سب سے بڑی سپرہیرو فرنچائز کا حصہ بننے جا رہا ہے؟ جواب صرف وقت ہی دے گا، لیکن اگر ایسا ہوتا ہے تو یہ یقینی طور پر سنیما کی تاریخ کا ایک یادگار باب ہوگا!





Source link

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں