کراچی:
پاکستان پیپلزپارٹی کی ذیلی تنظیم پیپلز پیرامیڈیکل ونگ کے اجلاس میں صرف سرکاری ملازم کو عہدے دار بنانے کی قرارداد کی توثیق کی گئی، اور ناراض اراکین سے رابطہ کرنے پر اتفاق کیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق پیپلزپارٹی کے پیرامیڈیکل ونگ کی آرگنائزنگ کمیٹی کا اجلاس رکن کمیٹی نیاز احمد خاصخیلی کی سربراہی میں ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفس کیماڑی میں منعقد کیا گیا، اجلاس میں پیپلزپیرامیڈیکل ونگ کی تشکیل کے بعد صوبائی، ضلعی اور ٹاؤن کی سطح پر کمیٹیوں کی تشکیل میں تاخیر کے باعث کارکنان میں بے چینی کے باعث پیدا ہونے والی صورتحال پر غور کیا گیا۔
اجلاس میں سابقہ عہدے داروں کے ساتھ اتفاق رائے سے جناح اسپتال میں منعقدہ اجلاس میں منظور کی جانے والی اس قرارداد کی توثیق کی گئی کہ کسی ریٹائرڈ ملازم کو عہدے دار نہیں ہونا چاہیے کیونکہ حاضر سروس ملازم ہی پیرامیڈکس کے مسائل کو بہتر طورپرسمجھ سکتے اوران کے حل کے لیے اقدامات کرسکتے ہیں۔
اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نیاز احمد خاصخیلی نے کہا کہ چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو کی ہدایت پر پیپلزپارٹی سندھ کے صدر نثار کھوڑو نے پیپلزپیرامیڈیکل ونگ کی تشکیل کا اعلان کرتے ہوئے چھ رکنی آرگنائزنگ کمیٹی قائم کی تھی اور اسے ایک مہینے میں مختلف سطح پر کمیٹیوں کےعہدے داروں کا انتخاب کرنے کی ذمے داری سونپی تھی، مگر آرگنائزنگ کمیٹی کے اراکین اس ذمے داری سے لاپرواہی برت رہے ہیں اور کارکنان سے رابطے میں نہیں ہیں جس کی وجہ سے کارکنان میں بے چینی پھیل رہی ہے۔
نیاز احمد خاصخیلی نے کہا کہ چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو اور نثار احمد کھوڑو سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ اس صورتحال کا نوٹس لیں، انہوں نے کہا کہ کوئی بھی ریٹائرڈ ملازم پیرامیڈیکل کا عہدے دار نہیں ہوسکتا، سلیمان میمن ریٹائر ہوچکے ہیں اور وہ پیرامیڈیکل ونگ کی صدارت کے لیے اہل نہیں ہیں، ویسے بھی انہیں آل سندھ پیپلزپیرامیڈیکل کی صدارت سے پہلے ہی ہٹایا جاچکا تھا۔
انہوں نے مزید کہا کہ سلیمان میمن نے نثار احمد کھوڑو کو پیرامیڈیکل کی جو 12 ہزار ممبر شپ دکھائی ہے وہ جعلی ممبرشپ ہے اور میں اسے چیلنج کرتا ہوں، اور نثار کھوڑو سے گزارش کرتا ہوں ان ممبرشپ فارمز کی جانچ پڑتال کرائی جائے۔
دوران اجلاس کراچی ڈویژن کے تمام یونٹس کے سابقہ عہدے داران نے شرکت کی، اجلاس میں تمام عہدے داران نے متفقہ طور پر یہ رائے دی کے پیپلز پیرامیڈیکل ونگ میں صدر یا دیگر عہدوں پر ریٹائرڈ ملازم کو نہیں لایا جائے گا اور یہ متفقہ قرارداد پارٹی چیئرمین بلاول بھٹوزرداری، فریال تالپور، اور صوبائی صدر نثار احمد کھوڑو تک پہنچائی جائے گی۔
میٹنگ میں کراچی کہ تمام اسپتالوں اور ڈسٹرکٹ اور ٹاؤن آفسز سے سابقہ عہدے داران نے شرکت کی جن میں اسد اللہ سامٹیو، حسن پٹھان، امیر علی دیناری، ناصر خان، غلام علی میرانی، سید علی اعظم شاہ ، اصغر علی عباسی، اسماء کوثر، کنول شاہد اور دیگر شامل تھے۔