20

بُک شیلف



تبصرہ نگار: ارشاد احمد ارشد

 رمضان المبارک

فضائل ، فوائد ، ثمرات ، احکام ومسائل اور کرنے والے کام

پیش نظر کتاب ’’ رمضان المبارک فضائل، فوائد وثمرات ، احکام ومسائل اور کرنے والے کام‘‘ سے واضح ہے کہ اپنے موضوع پر یہ نہایت ہی مفید، جامع اور رہنما کتاب ہے۔ کتاب کے مصنف معروف عالم دین، مفسر قرآن حافظ صلاح الدین یوسف مرحوم ہیں۔ یہ کتاب دارالسلام انٹر نیشنل نے شائع کی ہے۔ کتاب میں بتایا گیا ہے کہ ہم رمضان المبارک کا استقبال کیسے کریں ، رمضان المبارک کے خصوصی اعمال وظائف ،صحیح احادیث کی روشنی میں روزوں کی فضیلت وفرضیت ، روزے کے فوائد وثمرات ، روزے کے احکام ومسائل ، روزے کی تعریف، روزے کے ضروری احکام ، کن کن چیزوں سے روزہ ٹوٹ جاتا ہے، قضائے روزہ، اعتکاف ، تروایح ، صدقۃ الفطر کے مسائل جیسے اہم موضوعات کتاب میں بیان کئے گئے ہیں ۔

روزوں سے متعلق تقریباََ تمام صحیح احادیث اس کتاب میں جمع کردی گئی ہیں ۔ رسول ﷺ کا یہ فرمان کہ جس شخص نے رمضان کے روزے ایمان اور احتساب کے ساتھ رکھے، اس کے سابقہ گناہ معاف ہو جاتے ہیں، یہ ایک عظیم خوشخبری ہے، جس سے محرومی کا کوئی تصور بھی نہیں کر سکتا۔ لیکن یہاں ایک بات پر خصوصی توجہ رہنی چاہیے کہ اتنے بڑے انعام کا استحقاق صرف اسی وقت حاصل ہوتا ہے جب رمضان المبارک کے روزے مسنون طریقہ پر رکھے جائیں، یہ سب کچھ کیسے ممکن ہے ۔۔۔؟ اس مقصد کیلئے یہ کتاب اہل ایمان کے لئے نہایت ہی عمدہ پیشکش ہے۔

یہ بات یقین سے کہی جا سکتی ہے کہ اس مختصر کتاب کے مطالعے سے ہر مسلمان رمضان المبارک کا شایان شان استقبال کر سکتا ہے۔ کتاب میں جہاں روزے کے احکام و مسائل کو واضح کیا گیا ہے وہاں قیام الیل ( تراویح )، لیلۃ القدر، اعتکاف اور صدقۃ الفطر کے حوالے سے بھی کافی مواد پیش کیا گیا ہے۔

یہ کتاب دیکھنے میں اگر چہ مختصر ہے لیکن ا س میں تمام اہم مسائل بیان کر دیے گئے ہیں۔ اسی طرح کتاب میں رمضان المبارک سے متعلق بعض مشہور مگر ضعیف احادیث کی وضاحت بھی موجود ہے۔ روزے کے فوائد و ثمرات کا تذکرہ ہے، یعنی تقویٰ کیا ہے جو روزوں سے انسان کے اندر پیدا ہوتا ہے؟ اور تقویٰ سے کیا فوائد و ثمرات حاصل ہوتے ہیں؟ قیام الیل یعنی نماز تراویح کے مسائل، اس کی تعداد کی تحقیق، اعتکاف کے مسائل اور لیلۃ القدر کے فضائل کی وضاحت بھی کتاب میں شامل ہے۔کتاب کی قیمت 250 روپے ہے۔ یہ کتاب دارالسلام انٹر نیشنل کے مین شو روم، نزد سیکرٹریٹ سٹاپ لاہور سے حاصل کی جا سکتی ہے یا کتاب براہ راست حاصل کرنے کیلئے درج ذیل  نمبر 042-37324034 پر رابطہ کیا جا سکتا ہے۔

 خواتین اور رمضان المبارک

تیس دروس اور مخصوص مسائل پر مستند فتوی

رمضان المبارک کے حوالے سے خواتین کو کئی ایسے مسائل درپیش ہوتے ہیں جو عام طور پر بیان نہیں کئے جاتے جس وجہ سے لاتعداد خواتین زندگی بھر ان مسائل سے ناآشنا رہتی ہیں۔ اسی ضرورت کے پیش نظر دارالسلام انٹر نیشنل نے یہ کتاب شائع کی ہے۔کتاب معروف عالم دین حسین بن علی العلی کی تالیف ہے۔ اس کتاب میں مختصراََ ان تمام مسائل کا احاطہ کرنے کی کوشش کی گئی ہے جن کا تعلق خواتین اور رمضان المبارک سے ہے۔ تمام مسائل قرآن مجید اور مستند احادیث سے بیان کئے گئے ہیں۔ کتاب روزوں کے ایام کی مناسبت سے تیس دروس پر مشتمل ہے۔

سب سے پہلے بتایا گیا ہے کہ رمضان المبارک کا استقبال کیسے کیا جائے؟ ماہ رمضان سے استفادے کا پروگرام کیسے ترتیب دیا جائے؟ رمضان کے حوالے سے خواتین کے لئے نہایت بیش قیمت نصیحتیں بھی کتاب میں شامل ہیں ۔ مسلمان خواتین کے لئے جنت کاآسان راستہ ، خواتین اور زیورات کی زکوۃ ، زیورات کی زکوٰۃ نکالنے کا کیا طریقہ ہے؟ خاتون خانہ کے لئے نماز تراویح ، حیض ونفاس، حاملہ اور دودھ پلانے والے خاتون، بوڑھی عورت جس میں روزہ رکھنے کی طاقت نہ ہو، مانع حیض گولیوں کے استعمال کے کیا احکام ہیں، بچی پر روازہ کب واجب ہوتا ہے؟ ۔۔۔۔؟ بعض ایسی گھریلو برائیوں کی نشاندھی کی گئی ہے جن سے ایمان اور روزے کی حفاظت کے لئے اجتناب ضروری ہے۔ رمضان المبارک میں قرآن مجید کی تلاوت، خواتین کے مسائل کے حوالے سے چند اہم فتوے خواتین کے ذوق مطالعہ کی نذر کئے گئے ہیں۔

خواتین کی مجالس ، فرماں بردار خواتین کی دعائیں ، بچوں کی تربیت اور خاتون خانہ ، دعا کا مرتبہ ومقام اور آداب ، چند قرآنی دعائیں ، رسول ﷺ کی مسنون دعائیں ، مسلم خاتون اور عید ، رمضان کے بعد عمل قبول ہونے کی علامات ، رمضان کے روزے اور قیام کی فضیلت ، کیا عورت عورتوں کو نماز تراویح کی امامت کروا سکتی ہے ۔۔۔۔؟ حیض ونفاس والی عورت کا قرآن مجید، کتب حدیث پڑھنا اور دعائیں کرنا، نماز تراویح میں قرآن مجید سے دیکھ کر قرآت کرنا ، مستورات کا اعتکاف جیسے اہم مسائل بیان کئے گئے ہیں۔

یقین سے کہا جا سکتا ہے کہ اگر ہماری ہر ماں، بہن ، بیٹی اس کتاب کا مطالعہ کر لے تو وہ جہاں بہترین مومنہ صالحہ بن سکتی ہے وہاں وہ رمضان المبارک کی رحمتوں ، سعادتوں اور برکتوں کو بھی سمیٹ کر جنت کی حقدار بن سکتی ہے۔ اس خوبصورت کتاب کی قیمت 390 روپے ہے۔ کتاب دارالسلام انٹر نیشنل کے مین شو روم ، نزد سیکرٹریٹ سٹاپ ، لوئر مال لاہور پر دستیاب ہے یا کتاب براہ راست حاصل کرنے کیلئے درج ذیل نمبر 042-37324034 پر رابطہ کیا جا سکتا ہے۔

رمضان المبارک کے احکام ومسائل

 پر دو پاکٹ سائز کتابیں

’’ رمضان المبارک کے احکام ومسائل ‘‘ اور رمضان المبارک میں کرنے والے کام ‘‘ یہ دو پاکٹ سائز کتابیں ہیں جنھیں بندہ آسانی کے ساتھ جیب میں رکھ سکتا ہے اور جب چاہے رمضان المبارک کے مسائل واحکام کے بارے میں ضروری معلومات اور رہنمائی لے سکتا ہے ۔ عام طور پر رمضان المبارک کے مسائل و احکام کے بارے میں دستیاب کتابوں کے سائز بڑے ہوتے ہیں جنھیں جیب میں رکھنا انسان کیلئے ممکن نہیں ہوتا ہے۔ اس حوالے سے پاکٹ سائز کتابوں کی اشد ضرورت محسوس کی جا رہی تھی چنانچہ اس ضرورت کے پیش نظر دارالسلام نے یہ دو کتابیں شائع کی ہیں ۔

یہ دونوں کتابیں اپنے موضوع پر، منفرد اور خوبصورت پیشکش ہے۔ ان کتب کی تالیف اور ترتیب مفسر قرآن حافظ صلاح الدین یوسف مرحوم کے قلم سے ہے ۔’’ ان کتب میں شامل ہر بات قرآن مجید اور صحیح احادیث سے ماخوذ ہے۔ یہ کتابیں اختصار کے باوجود جامعیت کی حامل ہیں ۔ جہاں تک کتاب ’ رمضان المبارک احکام ومسائل ‘‘ کا تعلق ہے۔

 اس کتاب میں روزے کی اہمیت، روزے کی تعریف ، روزے کامقصد ، روزے کے ضروری احکام ، سحری کی فضیلت ، قبولیت دعا کاوقت، افطاری کے وقت کی دعائیں، روزہ کھلوانے کا ثواب، روزے دار کے لیے کن چیزوں سے اجتناب ضروری ہے، کن کن چیزوں سے روزہ ٹوٹ جاتا ہے ، روزے دار کے لیے کون کون سے کام جائز ہیں، قضا کے مسائل، نماز تراویح کے مسائل اور صدقۃ الفطر کے ضروری مسائل بیان کیے گیے ہیں۔ جبکہ دوسری کتاب ’’ رمضان المبارک میں کرنے والے کام ‘‘ اس میں درج ذیل موضوعات کو زیر بحث لایا گیا ہے :

 ہم رمضان المبارک کااستقبال کیسے کریں ؟، رمضان المبارک کے خصوصی اعمال ووظائف کیا ہیں ؟ اس باب میں ان تمام اعمال ووظائف کا ذکرکر دیا گیا ہے جو نبی رحمت ﷺ رمضان کے مقدس مہینے میں فرمایا کرتے تھے۔ قیام اللیل ، روزے کھلوانا ، کثرت سے تلاوت قرآن پاک ، تلاوت قرآن میں خوف وبکا کی مطلوبیت ، اعتکاف اور اس کے ضروری مسائل ، لیلۃ القدر کی فضیلت کا حصول، آخری عشرے میں نبی ﷺ کے معمولات، رمضان المبارک میں عمرہ کرنا، نماز اشراق کی فضیلت، کثرت ِ دعا، حق تلفیوں کا ازالہ اور گناہوں سے اجتناب ، ماہ رمضان میں اپنے دلوں کو باہمی بعض وعناد سے پاک کرنا، قطع رحمی کے نقصانات ۔۔۔۔ جیسے اہم موضوعات کو زیر بحث لایا گیا ہے۔ یہ کتابیں رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں اہل ایمان کے لیے ایک قیمتی ہدیہ اور تحفہ ہیں ۔ دونوں کتابوں کی قیمت 80,80 روپے ہے جو کہ دارالسلام انٹر نیشنل کے مرکزی شور وم، نزد سیکرٹریٹ سٹاپ ، لاہور سے دستیاب ہیں یا کتاب براہ راست حاصل کرنے کیلئے درج ذیل نمبر 042-37324034 پر رابطہ کیا جا سکتا ہے۔

قیام اللیل

 فضائل وفوائد اور ثمرات، قرآن وحدیث کی روشنی میں

 رمضان المبارک کا مہینہ رب سے تعلق مضبوط کرنے کا مہینہ ہے ۔ اس مہینہ کی مناسبت سے دارالسلام انٹر نیشنل کی شائع کردہ کتاب ’’قیام اللیل ،فضائل وفوائد اور ثمرات ،قرآن وحدیث کی روشنی میں ‘‘ پیش خدمت ہے۔ کتاب کے مصنف فضیلۃ الشیخ ڈاکٹر سعید بن علی القحطانی امت مسلمہ کے ایک جید عالم دین ہیں جبکہ کتاب کا ترجمہ مولانا تنویر احمد نے کیا ہے۔ فاضل مصنف کہتے ہیں کہ اللہ تعالیٰ سے تعلق قائم کرنے کا سب سے زیادہ موثر اور مسنون طریقہ قیام اللیل ہے۔ فاضل مصنف نے اس کتاب میں اللہ تعالیٰ کے حضور پیش ہونے کے تمام اصول و آداب تفصیل سے بیان کر دیے ہیں۔

انہوں نے پہلے باب میں نماز تہجد کا مطلب اور اس کی شرعی حیثیت واضح کی ہے۔ رسول ﷺ کا معمول مبارک بتایا ہے کہ آپ ہمیشہ رات کی نماز کا اہتمام کرتے اور رب جلیل کی یاد میں ڈوب کر اتنے طویل نوافل پڑھا کرتے تھے کہ آپ کے پائے مبارک پر ورم آجاتا تھا۔ ڈاکٹر صاحب نے کتاب میں چھوٹے چھوٹے خوبصورت عنوانوں کے تحت وہ تمام قیمتی معلومات مہیا کر دی ہیں جن کے بارے میں اکثر لوگ علماکرام کی خدمت میں سوالات کرتے رہتے ہیں ۔ انہوں نے متعلقہ آیات و احادیث کا اندراج کر کے درج ذیل باتیں اچھی طرح اجاگرکر دی ہیں کہ تہجد گزارکامل الایمان ہے ۔٭ فرض نمازوں کے بعد افضل ترین نماز رات کی نماز ہے ۔٭ قیام اللیل مومن کا سب سے بڑا عزاز وافتخار ہے ۔

٭ قیام اللیل کا افضل وقت کون سا ہے؟ ٭ نیند سے بیدار ہونے اور تہجد کے آداب و اصول کیا ہیں ؟ ٭ تہجد گھر میں پڑھنا مستحب ہے۔٭ قیام اللیل کا ہمیشہ اہتمام کرنا چاہئے ۔٭ نیند غلبہ پائے تو کیا کرناچاہئے؟ ٭ نماز تہجد میں قرات کی مقدارکتنی ہونی چاہئے؟٭ نماز وتر اور نماز تروایح کا صحیح وقت کون سا ہے اور رکعتوں کی تعداد کتنی ہے؟ ٭ وتر کو نماز مغرب کے ساتھ مشابہت دینے سے پرہیز کرنا ضروری ہے۔اب جبکہ نہایت ہی برکتوں ،سعادتوں اور رحمتوں والا مہینہ رمضان المبارک سایہ فگن ہو چکا ہے۔ یہ عبادات اور اللہ سے تعلق کو مضبوط کرنے کا مہینہ ہے ۔

اس مہینہ میں زیر نظرکتاب کی اہمیت مزید بڑھ جاتی ہے۔ ضروری ہے کہ ہر مسلمان اس کتاب کا مطالعہ کرے تاکہ وہ اپنے رب کے ساتھ تعلق کو مضبوط کر سکے۔ یہ کتاب اپنے موضوع پر نہایت ہی جامع کتاب ہے اس میں شب بیداری اور تہجد گزاری کے وہ تمام آداب‘ قاعدے اور ضابطے تفصیل سے بتا دیے گئے ہیں جو جناب رسول ﷺ نے اپنی حیات مبارکہ میں عملاََ کر کے دکھائے اور قولاََ پوری طرح واضح فرمائے ہیں۔ کتاب دارالسلام کے شوروم کراچی ،اسلام آباد یا لاہور مرکزی شوروم لوئرمال نزد سیکرٹریٹ سٹاپ سے حاصل کی جا سکتی ہے یا براہ رست کتاب حاصل کرنے کے لئے درج ذیل نمبر پر رابطہ کیا جا سکتا ہے ( 42-37324034) ۔

فضائل قرآن

آداب، خصوصیات اور علوم ومعارف کا دلنشین تذکرہ

رمضان کے مہینے قرآن مجید نازل کر کے اللہ نے قرآن مجید کو ہمیشہ کیلئے رمضان کے ساتھ جوڑ دیا ہے تو آئیں ہم بھی رمضان المبارک کے مہینے میں قرآن مجید کے ساتھ اپنا تعلق مضبوط کریں۔ رمضان المبارک کے مہینے میں زیادہ سے زیادہ قرآن مجید پڑھیں اور اسے سمجھیں۔ زیر تبصرہ کتاب ’’ فضائل قرآن‘‘ ان شاء اللہ قرآن مجید کے ساتھ ہمارے تعلق کو مضبوط کرنے میں ممدو ومعاو ن ثابت ہو گی ۔

قرآن مجید کے مقام، احترام اور فضائل وبرکات کو سمجھنے کیلئے اس کتاب کا مطالعہ بے حد مفید ثابت ہو گا۔ یہ مختصر اور جامع کتاب دارالسلام نے شائع کی ہے اور اس کے مولف فضلیۃ الشیخ عبداللہ بن جاراللہ بن ابراہیم ہیں جبکہ کتاب کے ترجمہ وتشریح کا فریضہ دارالسلام ریسرچ نے انجام دیا ہے ۔ کتاب کی جامعیت کا اندازہ اس میں دیے گئے عنوانات سے لگایا جا سکتا ہے جو کہ درج ذیل ہیں: قرآن کے نام اور اوصاف، قرآن کی سورتوں، آیات ، حروف اور کلمات کی تعداد، قرآنی سورتوں کی اقسام، ناپاک آدمی کا قرآن کو چھونا، تلاوت قرآن ، خوش الہانی سے قرآن پڑھنے کا حکم، مستحب قرآت کی مقدار ، قر آن کا حامل اسلامی جھنڈا اٹھانے والا ہے، قرون اولی کے مسلمانوں کا قرآن سے تعلق ،قرآن کے حفاظ کے والدین کی قیامت کے روز تاج پوشی ، مساجد میں قرآن پڑھنے پڑھانے والے اجتماع کی فضیلت، قرآن پڑھنے والے کے لیے آداب ، قرآن کریم شریعت کی بنیاد ہے، قرآن کریم میں ہر چیز کا بیان ہے، قرآن ایک معجزہ ہے، زندگی کے وہ شعبے جن کے متعلق احکام قرآن میں موجود ہیں، قرآن سے مستنبط علوم اور معانی ، قرآن کی تفسیر اور اس کی فضیلت ، تفسیر قرآن کا حسین ترین طریقہ، قرآن کی دوسری کتابوں پر فضلیت، قرآ ن کے خزانے،قرآ ن سے فائدہ اٹھانے والے کون ۔۔۔۔؟

قرآن کو چھوڑنے کا گناہ ، حامل قرآن کے شایان شان کام ، قرآ ن کی ہدایت سب سے زیادہ درست ہے، صاحب قرآن کو کیا کچھ کرنا چاہیے۔۔۔۔؟ ان عنوانات سے واضح ہے کہ زیر تبصرہ کتاب ’’ فضائل قرآن ‘‘ ایک جامع کتاب ہے جو قرآن مجید کے ساتھ ہمارا تعلق مضبوط کرنے میں اہم کردار ادا کر سکتی ہے۔ وہ کتاب جس کے بارے میں رسالت ما ب ﷺ نے فرمایا جس شخص نے قرآن پڑھا، اس کی تعلیم حاصل کی اور اس پر عمل کیا قیامت کے دن اس کے والدین کو نور کا ایک تاج پہنایا جائے گا جس کی آب و تاب سورج کی چمک جیسی اب جبکہ رمضان المبارک کا ماہ مقدس سایہ فگن ہو چکا ہے آئیں’’ فضائل قرآن ‘‘ کا مطالعہ کریں اور ہم بھی قرآن مجید سے اپنا تعلق مضبوط کریں ۔ کتاب کی قیمت 145روپے ہے۔ یہ کتاب دارالسلام انٹر نیشنل کے شو روم نزد سیکرٹریٹ سٹاپ، لوئر مال ، لاہور پر دستیاب ہے یا کتاب براہ راست حاصل کرنے کیلئے درج ذیل نمبر 042-37324034پر رابطہ کیا جا سکتا ہے ۔

مسنون نماز اور روز مرہ کی دعائیں

 تین سائز میں دستیاب

 رمضان المبارک میں فرضی نماز ہو یا نوافل یا روزمرہ کی دعائیں ان کا ثواب کئی گنا بڑھ جاتا ہے، تاہم اس کے لئے ضروری ہے کہ انسان سب عبادات مسنون طریقے کے مطابق بجا لائے۔ عبادات میں سے نماز اسلام کا بنیادی رکن ہے۔ حدیث کی رو سے یہ دین کا ستون اور معراج کا عظیم تحفہ ہے، روزِ قیامت سب سے پہلے نماز ہی کی پرشس ہو گی، لہٰذا نماز کی حفاظت کے پیش نظر دارالسلام انٹرنیشنل نے زیر نظر کتاب ’’مسنون نماز اور روز مرہ کی دعائیں‘‘ شائع کی ہے جو کہ مختصر مگر بہت جامع کتاب ہے جو کہ مفسر قرآن حافظ صلاح الدین یوسف کی تالیف ہے۔

اس کتاب میں نماز کے احکام کے علاوہ طہارت اور وضو کے مسائل، نیز مسنون اذکار اور دعائیں بھی شامل کی گئیں ہیں۔ کتاب میں غیر ضروری اور پیچیدہ مباحث سے پرہیز کیا گیا ہے۔ نماز کے متعلق کوئی ایسا مسئلہ نہیں جو اس کتاب میں بیان نہ کیا گیا ہو۔ کتاب کے معنوی حسن کے ساتھ ساتھ اس کے ظاہری حسن کو خوبصورت کتابت نے چار چاند لگا دیے ہیں۔ الحمد اللہ، ان خوبیوں نے اس کتاب کو نماز کے موضوع پر لکھی گئی تمام کتب میں منفرد بنا دیا ہے۔ کتاب میں نماز کے طریقہ نبوی کے علاوہ نماز پنجگانہ یعنی پانچ فرض نمازوں اور دیگر نمازوں کی تفصیل، ان کے ضروری احکام و مسائل اور روز مرہ کی دعائیں شامل ہیں ۔ کتاب کی چند امتیازی خصوصیات درج ذیل ہیں: کتاب میں صرف صحیح احادیث سے استدلال کیا گیا ہے۔ تفصیل کی بجائے اختصار سے کام لیا گیا ہے۔

بعض جگہ حوالوں کے بغیر بھی بہت سے مسائل بیان کیے گئے ہیں لیکن ایسا صرف اختصار کے پیش نظر کیا گیا ہے ورنہ کوئی مسئلہ بے دلیل نہیں ہے۔ اکثر جگہوں پر حوالے مکمل شکل میں موجود ہیں یعنی کتاب، باب او ر حدیث نمبر تاکہ دلیل اور حوالہ کا متلاشی آسانی سے اصل کتاب تک رسائی حاصل کر سکے۔ نماز اور دعاؤں کا ترجمہ لفظی کیا گیا ہے تاکہ ہر لفظ کا ترجمہ سمجھ میں آجائے۔ رمضان المبارک میں اس کتاب کا مطالعہ تمام مردو خواتین ، بچوں بزرگوں کیلئے بے حد مفید ثابت ہو گا انشاء اللہ ۔ یہ کتاب تین سائز میں دستیاب ہے۔ پاکٹ سائزکی قیمت 190روپے ، میڈیم سائز 250 روپے اور لارج سائز کی قیمت 390 روپے ہے۔ کتاب دارالسلام انٹر نیشنل کے مین شوروم، نزد سیکرٹریٹ سٹاپ، لوئر مال سے حاصل کی جا سکتی ہے یا کتاب براہ راست حاصل کرنے کیلئے درج ذیل نمبر 042-37324034 پر رابطہ کیا جا سکتا ہے۔ 



Source link

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں