1

کراچی میں پارہ 40 ڈگری سے تجاوز کرگیا

  کراچی:شہرمیں گرمی کا پارہ 40ڈگری سے تجاوزکرگیا،دوپہرکے وقت لوکے تھپیڑے چلے، اتوارکو بھی شہرکا موسم گرم ومرطوب رہنے کا امکان ہے۔

شہرمیں گرمی کی لہرنے مئی میں ہی جون کی یاد تازہ کردی،ہفتے کی صبح شہر کا کم سے کم پارہ گذشتہ روز کے مقابلے میں ایک ڈگری اضافے سے 29ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ ہوا میں نمی کاتناسب غیرمعمولی طورپر66فیصد تک بڑھا،جس کی وجہ سے صبح ہی حدت محسوس کی گئی جبکہ دوپہر کے وقت شہرمیں گرم ہوائیں اورلو کے تھپیڑےچلے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق شہر کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 40.2ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہواجبکہ ہوا میں نمی کاتناسب 25فیصد رہا،جس کی وجہ سے گرمی کا احساس اصل درجہ حرارت جتنا ہی رہا اورجزوی ہیٹ ویو جیسی صورتحال پیدا نہیں ہوئی۔

محکمہ موسمیات ارلی وارننگ سینٹر کی پیش گوئی کے مطابق  اتوار کو بھی موسم گرم ومرطوب رہنے کی توقع ہے،اس دوران زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 38ڈگری تک تجاوزکرسکتا ہے، شہرمیں صبح سے دوپہر کے درمیان سمندری ہوائیں مختصر وقت کے لیے غیرفعال رہ سکتی ہیں۔

محکمہ موسمیات کے مطابق وسطی وبالائی سندھ کے مختلف اضلاع میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 46تا 48ڈگری کے درمیان ریکارڈ ہوسکتے ہیں،آج قمبر شہداد کوٹ،جیکب آباد اورشکارپور میں گرج چمک/ گرد وغبار کے ساتھ ہلکی بارش کا امکان ہے۔

ہفتے کودیہی سندھ میں سب سے زیادہ درجہ حرارت شہیدبے نظیرآباد میں 48.5ڈگری سینٹی ریکارڈ ہوا۔





Source link

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں