دبئی سے اسلام آباد روانہ ہونے والی پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن (پی آئی اے) کی ایک پرواز مسافروں کی ہنگامہ آرائی کے باعث مزید تاخیر کا شکار ہوگئی، جس کے بعد دبئی پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے سات مسافروں کو حراست میں لے لیا۔
ذرائع کے مطابق پی آئی اے کی پرواز پی کے 212 مقررہ وقت پر روانگی کے لیے تیار تھی، تاہم خطے میں سکیورٹی سے متعلق خصوصی انتظامات کے باعث دبئی ایئرپورٹ پر پروازوں کے درمیان وقفہ بڑھا دیا گیا، جس کی وجہ سے اس پرواز کو بھی کئی گھنٹوں تک روانگی کی اجازت نہ مل سکی۔
طویل انتظار کے دوران مسافروں کو طیارے کے اندر کھانا اور دیگر سہولیات فراہم کی گئیں، لیکن کچھ افراد نے تاخیر پر شدید احتجاج شروع کر دیا۔ صورتحال اس وقت مزید کشیدہ ہوگئی جب چند مشتعل مسافروں نے عملے سے بدتمیزی کی، کاک پٹ کی جانب بڑھنے کی کوشش کی اور ایک مسافر نے مبینہ طور پر طیارے کی کھڑکی کو بھی نقصان پہنچایا۔
واقعے کے بعد پرواز کے عملے نے فوری طور پر ایئرپورٹ سکیورٹی کو اطلاع دی۔ دبئی پولیس موقع پر پہنچی اور طیارے میں داخل ہو کر ہنگامہ آرائی میں ملوث سات مسافروں کو اپنی تحویل میں لے لیا، جس کے بعد صورتحال کو قابو میں لایا گیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ واقعے کے بعد طیارے کو عارضی طور پر گراؤنڈ کر دیا گیا تاکہ اس کا مکمل تکنیکی معائنہ کیا جا سکے۔ دوسری جانب پرواز میں موجود باقی مسافروں اور فلائٹ کریو کو ہوٹل منتقل کر دیا گیا کیونکہ مسلسل تاخیر کے باعث عملے کے مقررہ ڈیوٹی اوقات مکمل ہو چکے تھے۔
ایئرلائن حکام کے مطابق جہاز کی ضروری جانچ اور مرمت مکمل ہونے کے بعد پرواز کو دوبارہ روانہ کرنے کا فیصلہ کیا جائے گا۔ امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ تمام تکنیکی اور انتظامی مراحل مکمل ہونے کے بعد پرواز اسلام آباد کے لیے روانہ کر دی جائے گی۔
پی آئی اے اور متعلقہ حکام نے مسافروں سے اپیل کی ہے کہ غیر معمولی حالات میں صبر و تحمل کا مظاہرہ کریں اور عملے کے ساتھ تعاون کریں تاکہ تمام مسافروں کی حفاظت اور پروازوں کا نظام متاثر نہ ہو۔