کراچی:
کرکٹ آسٹریلیا پھر دولت میں نہانے کو تیار ہے، اگلے بمپر ہوم سیزن کا اعلان کردیا گیا، بھارتی ٹیم وائٹ بال سیریز کیلیے مہمان بنے گی، انگلینڈ سے ایشز سیریز بھی شیڈول ہے۔
تفصیلات کے مطابق آسٹریلیا اس بار بھی ہوم سیزن میں اپنے خزنے مزید دولت سے بھرے گا۔ نئے بمپر سیزن میں ڈارون میں انٹرنیشنل کرکٹ واپسی کی تصدیق کردی گئی۔
بھارتی ٹیم وائٹ بال ٹور کیلیے آسٹریلیا کی مہمان بنے گی، آسٹریلیا اور بھارت کی مینزٹیموں کے درمیان 8 میچز ہوں گے، ڈارون میں 17 برس بعد انٹرنیشنل کرکٹ کی واپسی ہوگی، جنوبی افریقہ سے 2 مینز ٹی 20 انٹرنیشنل میچز اس مقام پر اگست میں ہوں گے۔
مزید پڑھیں: کرکٹ آسٹریلیا نے سابق کپتان وسیم اکرم کو ملٹی کلچرل ایمبیسڈر مقرر کردیا
بھارتی ٹیم 21 روزہ ٹور میں 8 وائٹ بال میچز کھیلے گی، جس کے بعد نومبر کے اواخر میں مینز ایشز سیریز شروع ہوگی، کرکٹ آسٹریلیا نے شیڈول جاری کردیا. رواں برس 10 اگست کو جنوبی افریقہ سے سیریز کا پہلا ٹی 20 ہوگا، دیگر 2 میچز 12 اور 16 اگست کو ہوں گے، ون ڈے میچز 19، 22 اور 24 اگست کو شیڈول ہیں۔
بھارت سے 3 ون ڈے بالترتیب 19، 23 اور 25 اکتوبر کو ہوں گے جبکہ 5 میچزکی ٹی 20 سیریز 29 اکتوبر کو شروع ہوگی، 31 اکتوبر کو دوسرا ٹاکرا ہوگا جبکہ دیگر 3 میچز بالترتیب 2، 6 اور 8 نومبر کو ہوں گے، مینز ایشز سیریز کا پہلا ٹیسٹ 21 سے 25 نومبر کو پرتھ میں شیڈول ہے۔
دریں اثنا بھارتی ویمنز کرکٹ ٹیم پرتھ میں ڈے نائٹ ٹیسٹ میچ کھیلے گی، بھارتی الیون آئندہ برس فروری کے وسط میں ویمنز پریمیئر لیگ کے فوری بعد آسٹریلیا کی مہمان بنے گی۔
مزید پڑھیں: فین زون ٹکٹ کی قیمت کیا ہوگی کرکٹ آسٹریلیا کا بڑا اعلان
بھارتی لیگ کو نئی جنوری کی ونڈو میں منتقل کیا جائیگا، پرتھ میں ڈے نائٹ میچ مارچ میں شیڈول کیا گیا ہے، ملٹی فارمیٹ سیریز میں 3 ٹوئنٹی 20 اور 3 ون ڈے بھی شامل ہوں گے، بھارتی ٹیم نے اس سے قبل 2021 میں ڈے نائٹ ٹیسٹ گولڈ کوسٹ میں کھیلا تھا۔
جاری کردہ پروگرام کے مطابق سیریز کی شروعات 15 فروری کو پہلے ٹی 20 سے ہوگی جبکہ اسی فارمیٹ کے دیگر دو میچز 19 اور 21 فروری کو ہوں گے، ون ڈیمیچز 24، 27 اور یکم مارچ کو شیڈول ہیں۔