فلم باغبان میں امیتابھ بچن کے نافرمان بیٹے کا کردار نبھانے والے سمیر سونی فلم کی بلاک بسٹر کامیابی کے باوجود کام نہ ملنے کے باعث دل برداشتہ ہوگئے تھے۔
بھارتی میڈیا کو دیئے گئے ایک انٹرویو میں سمیر سونی نے کہا کہ میں انڈسٹری میں ولن بننے نہیں آیا تھا، مجھے ہیرو بننا تھا۔
سمیر سونی نے بتایا کہ جب باغبان میں کام کی پیشکش ہوئی اور کہانی بیان کی گئی تو مجھے یہ سمجھ نہیں آیا کہ آخر ولن کا کردار کیوں دیا جا رہا ہے۔
اداکار نے کہا کہ “میرے دماغ میں یہ خیال آیا کہ میں یہاں ہیرو بننے آیا ہوں، اور آپ مجھے ولن بنا رہے ہیں۔ ایسا کون کرتا ہے؟”
سمیر سونی نے کہا کہ میں نے فلم کے ڈائریکٹر روی چوپڑا کو کال کی اور کہا کہ وہ کردار دیا جائے جس میں امیتابھ بچن کے ساتھ زیادہ سے زیادہ سین ہوں۔
اداکار نے بتایا کہ یہ فلم باغبان کامیاب ترین فلم ثابت ہوئی لیکن حیران کن طور پر پھر مجھے تین ماہ تک کسی کام کی آفر نہیں ہوئی۔
سمیر سونی نے بتایا کہ اُن دنوں میں ساحل پر جاکر خوب رویا کرتا تھا اور اپنے پیدا کرنے والے سے دعا کرتا اور پوچھتا کہ آخر آپ کیا چاہتے ہیں؟”
اداکار نے مزید کہا کہ بالآخر مجھے ٹی وی شو “جیسے کوئی نہیں” کی پیشکش ہوئی، جو میرے کیریئر کا ایک اہم موڑ ثابت ہوا۔