بالی ووڈ کے سینئر اداکار دھرمیندر کی مبہم پوسٹ نے مداحوں کو تشویش میں مبتلا کردیا۔
سینیئر اداکار دھرمنیدر اکثر ہی سوشل میڈیا پر اپنے خاندان اور پیشہ ورانہ زندگی سے جڑے افراد سے متعلق سوشل میڈیا پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے رہتے ہیں تاہم اس مرتبہ دھرمیندر کی ایک پوسٹ نے صارفین کو پریشان کردیا ہے۔
گزشتہ روز انہوں نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر اپنی ایک اُداس تصویر شیئر کرتے ہوئے کیپشن میں لکھا کہ ’دوریاں دِلوں میں بڑھتی ہی جا رہی ہیں۔۔۔ کب ملے گا چھٹکارا۔۔۔ان غلط فہمیوں سے۔‘
اس پوسٹ کے سامنے آتے ہی سوشل میڈیا صارفین اور اداکار کے چاہتے والے ان سے خیریت دریافت کرنے لگے اور اپنی پریشانی کا اظہار کرتے ہوئے دھرمیندر کو ہمت دیتے بھی دکھائی دیئے۔
ایک صارف نے لکھا کہ ’زندگی کی ستم ظریفی سر، اچھے دل والوں کو اکثر غلط سمجھ جاتا ہے۔‘ ایک اور صارف نے اداکار کی ہمت بڑھاتے ہوئے لکھا کہ ان پر مسکراہٹ اچھی لگتی ہے انہیں مسکرانا چاہیئے۔
دھرمیندر کے ایک دلدادہ مداح نے لکھا کہ ’میں آپ کو اُداس نہیں دیکھ سکتا سر جی امید ہے سب کچھ ٹھیک ہو جائے گا اور ہم آپ کو مسکراتے ہوئے دیکھیں گے‘۔
واضح رہے کہ 2023 میں سنی دیول کے بیٹے کی شادی میں ہیما مالنی اور بیٹیوں کی عدم موجودگی نے اس خاندان کے درمیان دوری کو واضح کیا تھا جس کے بعد دھرمیندر نے اپنی اہلیہ ہیما مالنی، بیٹی ایشا دیول اور آہانہ دیول سے سوشل میڈیا پوسٹ پر عوامی معافی مانگتے ہوئے لکھا تھا کہ وہ ان سے کس قدر محبت کرتے ہیں اور انہیں اس بات پر افسوس ہے کہ وقت پر ان سے بات نہیں کی۔
یاد رہے کہ دھرمیندر پہلے سے شادی شدہ تھے اور پہلی اہلیہ سے ان کے 4 بیٹے تھے جب ہیما مالنی انکی زندگی میں آئیں اور ان دونوں نے شادی کرلی جن سے ان کی دو بیٹیاں، ایشا اور آہانا دیول ہیں۔