1

بھارتی غزل گائیک پنکج ادھاس کی اچانک موت کی وجہ سامنے آگئی

پنکج ادھاس 26 فروری کو ممبئی کے بریچ کینڈی اسپتال میں انتقال کرگئے تھے : فوٹو : فائل

پنکج ادھاس 26 فروری کو ممبئی کے بریچ کینڈی اسپتال میں انتقال کرگئے تھے : فوٹو : فائل

 ممبئی:عالمی شہرت یافتہ بھارتی غزل گائیک پنکج ادھاس کے قریبی دوست نے اُن کی اچانک موت کی وجہ بتا دی۔

’چٹھی آئی ہے‘، ’وہ بن سنور کر چلے ہیں گھر سے‘، ’چاندی جیسا رنگ‘، ’چپکے چپکے سکھیوں سے‘ اور ’آہستہ‘ جیسے رومانوی گانوں سے موسیقی کے شائقین میں اپنی ایک خاص پہچان بنانے والے معروف بھارتی گلوکار پنکج ادھاس 26 فروری کو ممبئی کے بریچ کینڈی اسپتال میں انتقال کرگئے تھے۔

72 سالہ پنکج ادھاس کی اچانک موت کی خبر اُن کی بیٹی نے خبر سوشل میڈیا پر دی تھی لیکن اُنہوں نے گلوکار کی موت کی وجہ نہیں بتائی تھی۔

تاہم، اب پنکج ادھاس کے قریبی دوست انوپ جلوٹا نے بھارتی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ پنکج ادھاس لبلبے کے کینسر کا شکار تھے، گلوکار میں اس مرض کی تشخیص چند ماہ قبل ہوئی تھی۔

انوپ جلوٹا نے کہا کہ پنکج ادھاس کینسر کی تشخیص کے بعد سے کافی بیمار رہنے لگے تھے اور گزشتہ دنوں میں اُن کی حالت مزید بگڑ گئی تھی جس کی وجہ سے اُن کی موت ہوئی۔

مزید پڑھیں: عالمی شہرت یافتہ بھارتی غزل گائیک پنکج ادھاس چل بسے

پنکج ادھاس کی اچانک موت پر بھارتی میوزک انڈسٹری اور بالی ووڈ ستاروں کی جانب سے گہرے دُکھ کا اظہار کیا جارہا ہے

واضح رہے کہ پنکج ادھاس کی گائی ہوئی غزلوں کے ساتھ ساتھ ان کے پوپ گانے بھی مشہور ہوئے۔ پنکج ادھاس نے اپنی غزلوں کو 80 اور 90 کی دہائی میں میوزک ویڈیوز کے ساتھ پیش کرکے نوجوان نسل میں مقبولیت حاصل کی۔

پنکج ادھاس نے فلموں کے لیے بھی گلوکاری کی۔ ان کے مشہور  گانوں میں چٹھی آئی ہے ، چاندی جیسا رنگ ہے تیرا ور دیگر شامل ہیں۔ پنکج ادھاس کو 2006 میں بھارتی حکومت نے پدما شری ایوارڈ سے نوازا تھا۔





Source link

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں