1

دھمکی آمیز خطوط ججز کو ہراساں کرنے کی حکومتی سازش ہے، پی ٹی آئی

 اسلام آباد:پاکستان تحریک انصاف کا کہنا ہے کہ دھمکی آمیز خطوط ججز کو ہراساں کرنے کی حکومتی سازش ہے۔

ترجمان پی ٹی آئی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہےکہ ججز کو زہریلے مواد پر مشتمل دھمکی آمیز خطوط کی ترسیل ججز کو ہراساں کرنے کی حکومتی سازش قرار ہے۔ تحریک انصاف دھمکی آمیز خطوط کے سلسلے کی فوری اور جامع تحقیقات کا مطالبہ کرتی ہے۔

مرکزی میڈیا ڈیپارٹمنٹ پی ٹی آئی کے بیان میں مزید کہا گیا ہےکہ سپریم کورٹ کی جانب سے ازخود نوٹس کیس کی کارروائی کے آغاز کے بعد زہریلے مواد پر مشتمل خطوط کے سلسلے میں تیزی کا مقصد عدالتوں میں خوف اور بے یقینی کا ماحول پیدا کرنا ہے۔ ایک سوچے سمجھے منصوبے کے تحت مشتبہ خطوط کی ترسیل کے ذریعے ججزکو خوف اور دباؤ کا شکار کرتے ہوئے قانون و انصاف پر مبنی فیصلوں سے باز رکھنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

پی ٹی آئی کا کہنا ہے کہ عدلیہ کے اندر سے غیرآئینی دباؤ اور مداخلت کے خلاف اٹھنے والی آوازوں کے بعد نظام عدل کو مزید دباؤ کا شکار کرنے والے عناصر کا تعین ناگزیر ہے۔ خاص طور پر تحریک انصاف سے متعلقہ مقدمات کی سماعت کرنے والے ججز کو خطوط بھیجنے کا مقصد واضح طور پر عدالتی فیصلوں پر اثر انداز ہونا ہے۔ اعلیٰ عدلیہ کے ججز کو یکے بعد دیگرے مشکوک لفافوں کی ترسیل اتنہائی سنجیدہ معاملہ اور عدلیہ پر براہِ راست حملہ ہے۔

ترجمان نے اپنے بیان میں کہا کہ معاملے کی فوری اور جامع تحقیقات کرتے ہوئے عدلیہ پر حملہ آور عناصر کو جلد از جلد قانون کی گرفت میں لایا جائے۔ دھمکی آمیز خطوط کے سلسلے کے تناظر میں اعلیٰ عدلیہ کے تمام معزز ججز اور ان کے اہل خانہ کا تحفظ اور سلامتی یقینی بنانے کے لیے اقدامات کیے جائیں۔

تحریک انصاف کی جانب سے کہا گیا ہے کہ پی ٹی آئی عدلیہ کے ساتھ کھڑی ہے اور عدلیہ پر حملہ آور ہونے یا ججز کو دباؤ میں لانے کی کسی بھی کوشش کو ہر گز برداشت نہیں کرے گی۔





Source link

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں