1

سندھ ہائر ایجوکیشن کمیشن کے تحت طلبہ کیلیے پیغام پاکستان پروگرام کا آغاز

 کراچی:سندھ ہائر ایجوکیشن کمیشن کے تحت صوبے کے نوجوانوں میں مثبت سوچ کی تعمیر کے لیے پیغام پاکستان پروگرام شروع کیا جارہا ہے۔

پروگرام ریاستی اداروں کے تعاون اور اساتذہ کی مدد سے جامعات اور مدارس کے ساتھ ساتھ اسکول اور کالج کی سطح پر بھی متعارف کرایا جارہا ہے۔ اس بات کا اظہار سندھ ایچ ای سی کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر نعمان احسن نے اپنے دفتر میں منعقدہ پریس کانفرنس میں کیا۔

انہوں نے کہا کہ اس پروگرام کا مقصد پاکستان کے طلبہ اور نوجوانوں کو علمی و فکری بنیادوں پر قومی دھارے کے لیے راغب کرنا ہے، جو طلبہ عصر حاضر کی تعلیم سے دُور ہیں، ان میں مدارس کے طلبہ خاص طور پر شامل ہیں۔ انہیں بھی قومی دھارے میں لانے کے لیے یہ پروگرام مختلف جامعات میں کیے جائیں گے۔ علاوہ ازیں مدرسہ اور یونیورسٹیز ایکسچینج پروگرام بھی شروع کیے جائیں گے ۔

ڈاکٹر نعمان احسن نے جامعہ کراچی میں 2 سال قبل ایک خود کش حملے کے واقعے کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ پڑھے لکھے طبقے سے تعلق رکھنے والی خاتون کا برین واش کیا گیا اور خود کش دھماکا کروایا گیا۔ یہ اس لیے ہے کہ بہت سارے معاملات محض خیالات ہیں، ان سے حقیقت کا تعلق نہیں ہے۔ اس لیے کوشش کی جائے گی کہ ایسے طلبہ تک رسائی حاصل کرکے انہیں حقیقت بتائی جائے۔

انہوں نے بتایا کہ پروگرام کے تحت مختلف سرگرمیوں کا انعقاد کیا جائے گا۔ اس منصوبے میں ہمارے ساتھ ریاستی ادارے اور این جی اووز کے علاوہ جامعات اور ان کے اساتذہ بھی شامل ہیں ۔





Source link

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں